آج ہند ۔افریقہ ورلڈ کپ کا فائنل ، میدان کے ریکارڈحریف کے حق

   

بارباڈوس ۔ گیانا میں رواں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم بارباڈوس پہنچ گئی ہے جہاں اسے 29 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ کھیلنا ہے۔ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میچ کے لیے ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک ساتھ بارباڈوس پہنچ گئے ہیں۔ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ کے حوالے سے بیان دیا جس سے میچ کا جوش مزید بڑھ گیا۔ روہت شرما نے جنوبی افریقہ سے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل کے بارے میں بارباڈوس پہنچنے سے پہلے ہی گیانا میں اپنا بیان دیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ کے اختتام کے بعد انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فائنل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ روہت نے یہ بیان ایک سوال کے جواب میں دیا جب ان سے سیمی فائنل کے پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں پوچھا گیا کہ کیا اس بار وہ 2013 سے جاری انتظارکو ختم کرنے کی طرف دیکھ رہے ہیں؟ روہت شرما نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ہم اپنا بہترین مظاہرہ پیش کریں گے۔ ٹیم اچھی فام میں ہے لہذا پوری امید ہے کہ ہم فائنل میں بھی وہی کارکردگی برقرار رکھیں گے جو اب تک کرتے رہے ہیں۔ فائنل سے قبل جنوبی افریقی کیمپ میں خوف و ہراس پھیلانے والے اس بیان کے بعد روہت شرما پوری ٹیم کے ساتھ گیانا سے بارباڈوس پہنچ گئے۔ ٹیم کے بارباڈوس پہنچنے کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جس میں ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، محمد سراج ان کھلاڑیوں میں پہلی قطار میں تھے جو ایرپورٹ سے باہر آئے اور ٹیم کی بس میں سوار ہوئے۔ ہندوستانی کھلاڑی ایرپورٹ سے ٹیم بس میں سوار ہوکر ہوٹل روانہ ہوگئے۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل کی وجہ سے بارباڈوس میں ٹی20 کرکٹ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کے پاس یہاں صرف 3 میچ کھیلنے کا تجربہ ہے جس میں سے اس نے صرف 1 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اس ٹی20 ورلڈ کپ میں بارباڈوس میں کھیلے گئے آخری 3 ٹی20 میچوں میں واحد جیت ملی ہے، جب اس نے افغانستان کو شکست دی تھی۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے بارباڈوس میں جو دو میچ ہارے ہیں وہ 2010 کے ٹی20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تھے۔ جنوبی افریقہ کی کہانی اس کے بالکل برعکس ہے۔ اس نے یہاں 3 20 میچ بھی کھیلے ہیں اور ان میں سے 2 جیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے یہ تینوں میچ 2010 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بارباڈوس میں کھیلے تھے۔ اس کا مطلب ہے کہ 2024 میں یہ پہلا موقع ہے جب جنوبی افریقی ٹیم بارباڈوس میں میچ کھیلتی نظر آئے گی۔