نئی دہلی ۔4؍ستمبر( ایجنسیز)یوم اساتذہ دراصل ملک کے عظیم استاد، فلسفی، مصلح و ماہرِ تعلیم اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کے موقعے پر منایا جاتا ہے۔ آزاد ہندوستان کے دوسرے صدر جمہوریہ سروے پلی رادھا کرشنن کی پیدائش پانچ ستمبر 1888 کو ریاست ٹاملناڈو کے دارالحکومت چینائی کے تروتانی میں ہوئی تھی۔ اسی دن کو ہم یومِ اساتذہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انسان کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے میں دو شخصیات کا اہم رول ہوتا ہے۔ ایک اس کے والدین اور دوسرے اس کے اساتذہ۔ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن نے مدراس یونیورسٹی سے فلسفہ میں ماسٹرز کیا۔ اس کے بعد وہ میسور اور کولکاتا یونیورسٹی میں ایک عرصہ تک درس و تدریس کی خدمات انجام دیتے رہے۔ ہندوستان میں پہلا یوم اساتذہ 5 ستمبر 1962 کو اس دن منایا گیا جب ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن ہندوستان کے دوسرے صدر جمہوریہ کے باوقار عہدے پر فائز ہوئے۔ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن ہندوستان کے پہلے نائب صدر بھی بنائے گئے۔
پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد کی وفات کے بعد ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہوئے۔