حیدرآباد ۔ 5 جولائی ( سیاست نیوز ) یوم عاشورہ کے موقع پر پرانے شہر میں تاریخی علم بی بی کا جلوس نکالا جائے گا ۔ 10 محرم الحرام کے موقع پر الاوہ بی بی دبیر پورہ سے بی بی کے علم کی سواری نکالی جائے گی ۔ ایک بجے دن بی بی کے علم کی سواری نکالی جائے گی جو براہ شیخ فیض کمان ‘ یاقوت پورہ دروازہ ‘ اعتبار چوک ‘ کوٹلہ عالیجاہ ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ منڈی میر عالم ‘ دارالشفاء سے ہوتی ہوئی چادر گھاٹ پر موسی ندی کے کنارے پہونچے گی ۔ وہاں علم مبارک ٹھنڈے کئے جائیں گے ۔ بی بی کے علم کے جلوس کے ہمراہ کئی ماتمی انجمنیں ہونگی جو نوحہ خوانی کرتے ہوئے ماتم کا نذرانہ پیش کریں گی ۔ بی بی کے علم کے جلوس کو راستے میں کئی مقامات پر مختلف گوشوں سے ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ چارمینار پر کمشنر پولیس سی وی آنند سٹی پولیس کی جانب سے ڈھٹی پیش کریں گے ۔ پرانی حویلی پر خانوادہ نظام کی جانب سے علم مبارک پر ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ اسی طرح دارالشفاء چوراہے پر مختلف سیاسی و سماجی قائدین بھی علم مبارک پر ڈھٹی پیش کریں گے ۔ سٹی پولیس کی جانب سے تاریخی علم بی بی کے جلوس کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس گذرنے کے راستوں پر اضافی پولیس دستے متعین کئے گئے ہیں۔ جلوس پر پولیس کے اعلی عہدیدار نظر رکھیں گے ۔ اس کے علاوہ جلوس کے ہمراہ ایمبولنس گاڑیوں کا بھی نظم رہے گا ۔