آج 69 ویں سالگرہ پر مودی کا دورہ نرمدا ڈیم

   

احمد آباد 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی ‘ جو کل 69 برس کے ہونے والے ہیں ‘ گجرات کے سردار سرور ڈیم کا نرمدا ندی پر دورہ کرنے والے ہیں جس کی سطح آب پہلی مرتبہ سب سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ وزیر اعظم اس موقع پر نمامی نرمدے تہوار کا افتتاح بھی کرینگے ۔ 2017 میں ڈیم کی سطح میں اضافہ کئے جانے کے بعد وہاں پانی کی سطح سب سے زیادہ یعنی 138.68 میٹرس تک پہونچ گئی ہے ۔ وزْراعظم پیر کی رات احمد آباد ائرپورٹ پہونچیں گے ۔ وہ منگل کو اپنی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر کیواڈیہ کے مقام پر ڈیم کا دورہ کرینگے اور نمامی نرمدے فیسٹول کا افتتاح کرینگے ۔ ریاستی حکومت کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ منگل کی علی الصبح ڈیم کیلئے روانہ ہونے سے قبل وزیر اعظم اپنی معمر والدہ سے بھی ملاقات کرینگے اور ان کا آشیرواد لیں گے ۔ کیواڈیہ میں ڈیم کا دورہ کرنے کے بعد وزیر اعظم ایک اجتماع کو خطاب کرینگے ۔ اس میں تقریبا 10 ہزار افراد کی شرکت کو یقینی بنانے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اپنے خطاب کے بعد وزیر اعظم کچھ ترقیاتی پراجیکٹس کا معائنہ کرینگے اور مجسمہ اتحاد کا مشاہدہ بھی کرینگے ۔ امکان ہے کہ 12 بجے دو پہر یہاں سے واپسی سے قبل وزیر اعظم دتاتریہ مندر کا دورہ بھی کرینگے ۔