سڈنی۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)آئی پی ایل ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ آخری اوورز میں بولنگ ان کی ٹیم کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ وارنر نے آئی پی ایل ٹیم کے اپنے ساتھی انگلینڈ کے اوپنر جانی بییرسٹو سے اسٹاگرام پر بات چیت میں کہا، ہماری ٹیم شاندار ہے۔ ہماری ٹیم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بولنگ میں کافی گہرائی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس آغاز میں گیند کو اچھا سوئنگ کروانے والے بولر ہیں اور ہماری آخری اوورز کی بولنگ ٹورنمنٹ میں شاید سب سے بہتر ہے۔ آئی پی ایل کے 2019 میں موسم میں وارنر اور بییرسٹو کی اوپنگ جوڑی ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوئی تھی۔ وارنر نے کہا کہ وہ بییرسٹو کے ساتھ بیٹنگ کا لطف اٹھاتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے کہا مجھے وکٹوں کے درمیان میں تیزی سے دوڑنا پسند ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وکٹوں کے درمیان رن لیتے ہوئے ہماری جو توانائی رہتی ہے وہ بہت اچھی ہے۔ یہ ہمارا مضبوط پہلو بھی ہے۔ بییرسٹو نے بھی وارنر کی بات پر حامی بھرتے ہوئے کہا ہاں، یقینی طور پر ہمارے درمیان اچھی سمجھ ہے۔ اگر دو رنز بھاگتے ہو تو ہمیں ایک دوسرے کی طرف دیکھے بغیر صرف اشاروں میں فیصلہ کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایل کا 13 واں سیزن 29 مارچ سے شروع ہونا تھا لیکن کوروناوائرس کی وجہ یہ غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔