انتخابی مہم پر اعلیٰ سطحی اجلاس ، میناکشی نٹراجن ، بھٹی وکرمارکا اور مہیش گوڑ کی شرکت، ہفتہ اور اتوار کو چیف منسٹر کی موٹر سیکل ریالی
حیدرآباد ۔ 6 ۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ جوبلی ہلز میں انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں مکمل چوکسی برقرار رکھیں اور بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حکام کو واقف کرائیں۔ ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز میں چار روزہ انتخابی مہم کے بعد آج سرکردہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، ویویک وینکٹ سوامی اور دیگر انچارج وزراء اور قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے چار روزہ انتخابی مہم کے دوران عوامی رد عمل کے بارے میں اپنے تجربات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری ایام میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ رائے دہندوں کو بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے رقومات کی تقسیم کے ذریعہ راغب کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے مبصرین کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے ترقی اور فلاح و بہبود کے حق میں ہیں۔ تمام طبقات کی جانب سے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بوتھ سطح کی کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا تاکہ رائے دی کی فیصد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام حامیوں کو پولنگ بوتھ تک پہنچانا بوتھ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے پد یاترا کے موقع پر عوامی ردعمل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے مخالف حکومت پروپگنڈہ کا موثر جواب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر انتخابی مہم کے دوران رائے دہندوں بالخصوص اقلیتوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اقلیتی آبادی والے علاقوں میں حکومت کی فلاحی اسکیمات سے رائے دہندوں کو واقف کرایا جائے۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ تمام سروے رپورٹس کے مطابق نوین یادو کو تقریباً 30,000 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ اسی دوران چیف منسٹر نے 8 اور 9 نومبر کو انتخابی مہم کے آخری دو دن میں موٹر سیکل ریالی کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ 8 نومبر کو 6 بلدی ڈویژنس میں صبح 10 تا دوپہر ایک بجے موٹر سیکل ریالی کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی وزراء شرکت کریں گے۔ ریونت ریڈی 9 نومبر کو صبح 10 بجے شیخ پیٹ میں موٹر سیکل ریالی میں شرکت کریں گے۔چیف منسٹر نے وزراء سے کہا کہ وہ آئندہ تین دن میں سرگرمی کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں اور کوئی بھی رائے دہندہ مہم سے دور نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ تین دن پارٹی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور انتخابی مہم میں شامل تمام قائدین کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے مختلف سروے رپورٹس کی تفصیلات پیش کیں جس میں کانگریس پارٹی کو سبقت ظاہر کی گئی ہے۔ 1