آخری قطرہ خون تک دلتوں کی ترقی کیلئے کام کروں گا: کے سی آر

   

پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کیلئے بھی کئی اسکیمات ، کریم نگر میں دلت بندھو اسکیم پر چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔27 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ جس طرح علحدہ تلنگانہ حصول کے لئے جان کی قربانی کے جذبہ کے ساتھ جدوجہد کی گئی تھی، اسی طرح وہ دلت بندھو اسکیم کو کامیاب کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے آخری قطرہ خون تک دلتوںکی معاشی اور ہمہ جہتی ترقی کیلئے اقدامات کروں گا۔ چیف منسٹر نے آج کریم نگر میں وزراء اور اعلیٰ عہدیداروںکے ساتھ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی ترقی میں سماج کی ترقی مضمر ہیں۔ دلتوں کے ساتھ سماجی عدم مساوات کا رویہ اختیار کیا گیا اور حکومت چاہتی ہے کہ دلتوں کو معاشی طور پر مستحکم کرتے ہوئے سماج میں دیگر طبقات کے مساوی کھڑا کرے۔ کریم نگر کلکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں ریاستی وزراء ہریش راؤ ، کے ایشور ، جی کملاکر ، رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار ، رکن کونسل ای راجیشور ریڈی ، ارکان اسمبلی ، آر بال کشن ، کے روی شنکر ، سابق وزیر کے سری ہری ، چیف منسٹر دفتر کے عہدیدار سمیتا سبھروال ، راہول بوجا ، کلکٹر کریم نگر کرنن ، کریم نگر میئر سنیل راؤ اور دیگر مقامی عوامی نمائندوں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے لئے کئی قربانیاں دی گئیں اور وہ چاہتے ہیں کہ علحدہ ریاست کے قیام کے مقاصد کی تکمیل ہو۔ تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتر فصلوں کو یقینی بنانے کیلئے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگائنہ حکومت گزشتہ 7 برسوں میں ایس سی ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کی ہر شعبہ میں ترقی کو یقینی بنارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کا حوالہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ دلتوں کی ترقی کے بارے میں جو منصوبہ رکھتے تھے ، اس پر عمل آوری کا وقت اب آیا ہے۔ سدی پیٹ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے میں نے دلت چیتنیا جیوتی پروگرام شروع کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کی رقم کے استعمال کے ذریعہ دلتوں کی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔ ریاست میں 17 لاکھ دلت خاندان ہیں جبکہ ان کی آبادی تقریباً 75 لاکھ ہے۔ تلنگانہ میں دلت آبادی 18 فیصد کے قریب ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم پر موثر عمل آوری کے لئے دلتوں میں شعور بیدار کریں اور رہنمائی کریں گے۔ بینکوں میں دلت بندھو کے تحت علحدہ اکاونٹس کھولے جائیں گے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اجلاس میں شریک دلت سنگھم کے قائدین سے بات چیت کی ہے۔ چیف منسٹر کریم نگر سے حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ R