برمنگھم ۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کو عالمی کپ میچ میں 28 رنز سے شکست دینے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ایک میچ باقی رہتے ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانا باعث خوشی ہے۔ہندوستانی ٹیم 8 میچوں میں چھ فتوحات ایک ناکامی اور ایک منسوخ نتائج کے ساتھ 13 نشانات حاصل کئے اورآسٹریلیا کے بعد دوسری ٹیم ہے جو سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اگرچہ ہندوستان کا ابھی سری لنکا کے ساتھ مقابلہ ہونا باقی ہے اور وہ اس میچ میں ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ کوہلی نے میچ کے بعدٹورنمنٹ سے باہر ہو چکی بنگلہ دیش کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، بنگلہ دیش اس مقابلے کو جیتنے میں کامیاب نہیں رہا لیکن انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم آخر تک لڑتی رہی۔ اس کے آخری وکٹ تک مجھے لگتا رہا کہ وہ اس میچ میں برقرار ہیں۔ ہمیں اس مقابلے کو جیتنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ہے۔کوہلی نے کہا پوائنٹس ٹیبل میں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی میں پہنچنے سے کافی خوشی ہوئی۔یہ میچ ہمارے لئے ایک موقع تھا کہ ہم آگے بھی ایسی ہی کارکردگی کریں گے جیسا کہ اب تک ٹورنمنٹ میں کرتے آئے ہیں۔ پوری ٹیم بے حدخوش ہے کہ ہم ایک مقابلہ باقی رہتے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ کوہلی نے میچ میں تین وکٹ حاصل کرنے والے آل راونڈر ہاردک پانڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ہم نے تجربہ کیا ہے کہ جب بھی پانڈیا دباو میں ہوتے ہیں تو وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ وہ رنز بناتے ہیں اور ٹیم کو اہم وقت میں وکٹ دلاتے ہیں۔ پانڈیا واقعی آگے بڑھ کر ٹیم کا تعاون کرتے ہیں جو ان کے کیریئر کے لئے کافی اچھا ہے۔کپتان نے اس ٹورنمنٹ میں چار سنچریاں بنانے والے روہت شرما کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہا، میں نے روہت کو کافی عرصے سے کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور میں یہ سب سے کہہ چکا ہوں کہ وہ ونڈے کے بہترین بیٹسمین ہیں وہ جس طرح کی بیٹنگ کرتے ہیں اسے دیکھ کر مجھے کافی خوشی ہوتی ہے۔