نئی دہلی: ممبئی میں بابا صدیقی کے قتل کے بعد ہر طرف گینگسٹر لارنس بشنوئی کا چرچا ہے۔ صرف 31 سالہ گینگسٹر لارنس بشنوئی، جو جیل میں ہے، 700شوٹروں کے ساتھ ایک گینگ چلا رہا ہے۔درحقیقت جب لارنس بشنوئی محض پانچ سال کا تھا تو کالے ہرن کے شکار کا معاملہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ 1998 میں راجستھان میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس واقعہ کی وجہ سے بشنوئی برادری سخت ناراض ہوگئی۔ حالات ایسے ہیں کہ 26 سال بعد بھی جیل میں رہنے کے باوجود گینگسٹر کا سلمان کے تئیں شدید غصہ سرخیوں میں ہے۔بشنوئی گینگ کا نام اس وقت سامنے آیا ہے جب مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر بابا صدیقی جنہیں سلمان کے قریبی سمجھا جاتا ہے، کو گزشتہ ہفتے ممبئی میں تین حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ممبئی پولیس کو شبہ ہیکہ صدیقی کا قتل بشنوئی کے کہنے پر کیا گیا تھا، جیسا کہ فیس بک پر ایک پوسٹ سامنے آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جو کوئی سلمان خان اور داؤد گینگ کی مدد کرے گا، وہ اپنا حساب کتاب لگا کر رکھ لے۔اس واقعہ میں دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بشنوئی گینگ کے ارادے اب سلمان سے بدلہ لینے سے آگے بڑھ چکے ہیں۔