حیدرآباد۔ آندھرا پردیش حکومت نے آدتیہ ناتھ داس ( آئی اے ایس ) کو حکومت کا نیا چیف سکریٹری مقرر کیا ہے۔1987 بیاچ سے تعلق رکھنے والے آدتیہ ناتھ داس شریمتی نیلم ساہنی کے جانشین ہوں گے جو 31 ڈسمبر کو وظیفہ پر سبکدوش ہوجائیں گی۔ پرنسپل سکریٹری پولٹیکل پراوین پرکاش نے جی او آر ٹی 2010 جاری کیا۔ حکومت نے وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد شریمتی نیلم ساہنی کو چیف منسٹر کا پرنسپل اڈوائزر مقرر کیا ہے اور انہیں کابینی درجہ دیا گیا۔ اس کے لئے علحدہ جی او 2011 جاری کیا گیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے مشیر کی حیثیت سے نیلم ساہنی ہیلت، کوویڈ 19 مینجمنٹ، مرکز و ریاست تعلقات، تنظیم جدید کے مسائل، انتظامی اصلاحات، مجالس مقامی کا استحکام، لینڈ سروے اور چیف منسٹر کی جانب سے وقتاً فوقتاً تفویض کئے جانے والے اُمور کی انچارج ہوں گی۔31 ڈسمبر کو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد نیلم ساہنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
