آدتیہ ٹھاکرے کی شنڈے پر تنقید سے سیاسی حلقوں میں ہلچل

   

پونے ، 19 جولائی (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے کی جانب سے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے پر کی گئی سخت تنقید نے مہاراشٹرا کی سیاست میں ایک نئی گرما گرمی پیدا کر دی ہے ، جو اب پونے کی گلیوں تک جا پہنچی ہے ۔ ان تبصروں کے جواب میں شنڈے گروپ نے شہر بھر میں ایک منظم پوسٹر مہم کا آغاز کیا ہے ، جس میں آدتیہ ٹھاکرے کو کارٹون طرز میں ہدف تنقید بنایا گیا ہے۔ شیو سینا (شنڈے گروپ) پونے کے صدر پرمود (نانا) بھنگیرے کی قیادت میں لگائے گئے ان پوسٹروں میں ایک مقام پر لکھا ہے کہ ’’یہ بیٹری جلد ہی ختم ہو جائے گی… یہ اقربا پروری پر چلتی ہے۔‘‘ جبکہ ایک اور پوسٹر میں مٹھی ندی ترقیاتی گھوٹالے کی جاری تحقیقات کو نشانہ بناتے ہوئے درج ہے :’’بس گنتی کرو… دیکھو کتنے جیل جائیں گے ۔‘‘یہ سب کچھ اُس وقت سامنے آیا جب آدتیہ ٹھاکرے نے حالیہ اسمبلی سیشن اور میڈیا گفتگو میں ایکناتھ شنڈے پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’غدار‘‘ اور ’’بے شرم‘‘شخص کہا، حالانکہ انہوں نے نام نہیں لیا۔ ان کے مطابق شنڈے نے ادھو ٹھاکرے کے اعتماد کو اس وقت توڑا جب انہیں شہری ترقی کی وزارت دی گئی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت مزید حساس ہوگیا جب اپوزیشن لیڈر بھاسکر جادھو نے بھی اسمبلی میں اسپیکر راہول نارویکر پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے رول 293کے تحت آواز بلند کی۔ اب سیاسی تلخی اسمبلی ہال سے نکل کر پونے کی عوامی گلیوں تک پھیل چکی ہے ، جو کہ شیوسینا کے دونوں گروپس کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور مستقبل کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ایک جھلک پیش کرتی ہے ۔