ممبئی: مہاراشٹرا میں دیشا سالیان کی موت کے معاملے میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے کا نام سامنے آنے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے ۔ جمعرات کو حکمراں جماعت نے ودھان بھون کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا جبکہ اپوزیشن نے اس احتجاج کو ٹھاکرے خاندان کے خلاف سازش قرار دے کر جوابی احتجاج کیا۔
حکمراں اتحاد کے ایم ایل اے نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر دیشا سالیان کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ وزیر نتیش رانے نے کہا کہ دیشا سالیان کے والد نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا گیا۔ اس عرضی میں آدتیہ ٹھاکرے کا نام بھی شامل ہے جس کی وجہ سے انہیں فوراً استعفیٰ دینا چاہیے ۔