رجت کمار معتمد پنچایت راج اور وکاس راج معتمد محکمہ آبپاشی متوقع
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار کی تبدیلی کا امکان ہے اور اس عہدہ پر نئے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر کی حیثیت سے سینئر آئی اے ایس عہدیدار آدر سنہا کو تعینات کئے جانے کی قوی توقع ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر عہدہ کیلئے تجویز کردہ تین اموں میں آدر سنہا کے نام کو ہی اولین ترجیح دیئے جانے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں سمجھا جارہا ہے کہ ریاستی چیف سکریٹری کے عہدہ کا سومیش کمار کی جانب سے جائزہ لئے جانے کے بعد ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کے بہر صورت تبادلے عمل میں لائے جائیں گے۔ جبکہ بتایا جاتا ہے کہ سومیش کمار کے پاس پائے جانے والے محکمہ جات ریونیو، کمرشیل ٹیکس، اکسائیز وغیرہ کی ذمہ داریاں دیگر عہدیداروں کو مختص کرنے یا سومیش کمار کے پاس ہی رکھنے سے متعلق حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ سومیش کمار سے ایک سال سینئر اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ جنرل اڈمنسٹریشن آدرسنہا کو اس عہدہ سے تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہی آدرسنہا کو ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مقرر کئے جانے کی قوی توقع پائی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رجت کمار کو ریاستی چیف الکٹورل آفیسر کے عہدہ کی ذمہ داری سے سبکدوش کردیئے جانے کے بعد انہیں ریاستی محکمہ پنچایت کے پرنسپال سکریٹری کے عہدہ پر تقرر کئے جانے کا امکان پایا جارہا ہے اور فی الوقت پنچایت راج محکمہ کے پرنسپال سکریٹری عہدہ پر فائز وکاس راج کو آبپاشی محکمہ تفویض کئے جانے کی توقع ہے۔ علاوہ ازیں ان تبدیلیوں کے ساتھ مزید آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے بھی عمل میں لائے جانے کی اطلاعات ہیں۔2016 کے آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے سات عہدیدار جو کہ اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں۔ نہیں نئے عہدوں پر تقرر عمل میں لانے کیلئے مزید چند آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔