آدھار سے مربوط خدمات ملک بھر میں مفلوج

   

تلنگانہ میں جائیدادوں کے رجسٹریشن کا عمل متاثر
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک بھر میں آج آدھار سے مربوط خدمات مفلوج ہوچکی ہیں۔ نئی دہلی میں یو آئی ڈی اے آئی نیٹ ورکنگ میں تکنیکی خرابی کے سبب آن لائین خدمات کو معطل کردیا گیا ۔ آدھار پر مبنی او ٹی پی خدمات اور رجسٹریشن کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ ملک بھر میں آدھار پر مبنی خدمات کے متاثر ہونے سے تلنگانہ میں جائیدادوں اور اراضیات کی رجسٹریشن کا کام متاثر ہوا ہے۔ رجسٹریشن کیلئے آدھار بائیو میٹرک لازمی ہے ، لہذا حکام نے تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ کل 12 جولائی جمعہ سے اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگا۔ اسی دوران کمشنر و انسپکٹر جنرل رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپارٹمنٹ نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دہلی میں موسلادھار بارش کے سبب UIDAI کے سرور میں تکنیکی خرابی پیدا ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 700 ڈاکیومنٹس کا روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کیا جاتا ہے لیکن آج تکنیکی خرابی کے سبب یہ تعداد مکمل نہیں ہوسکی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکام کل زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کرلیں گے۔ اسی دوران رجسٹریشن دفاتر پر غیر معمولی ہجوم دیکھا گیا۔ حکام نے سرور ڈاؤن ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے درخواست گزاروں سے کل رجوع ہونے کی خواہش کی ہے۔ 1