حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان کی منفرد شناختی اتھاریٹی (UIDAI) نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے مفت آدھار کی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کرانے کی مہلت میں مزید تین ماہ کی توسیع دی ہے۔ آدھار مفت اپ ڈیٹ کرانے کی 14 ستمبر بروز ہفتہ آخری تاریخ تھی جس کو 14 ڈسمبر 2024ء تک پھر ایک مرتبہ توسیع دی گئی ہے۔ جن افراد نے ابھی تک اپنے آدھار کارڈس کو اپ ڈیٹ نہیں کرایا ہے، وہ اس سہولت سے فوری استفادہ کرلیں۔ UIDAI کے قوانین کے مطابق آدھار سے متعلق تفصیلات کو ہر 10 سال بعد اپ ڈیٹ کرانے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے ضروری دستاویزات کو جمع کرانا پڑتا ہے۔ مفت خدمات صرف “My A adhaar” پورٹل کے ذریعہ دستیاب ہیں۔ نام، تاریخ پیدائش، پتہ جیسی تبدیلیاں شامل کی جاسکتی ہیں۔ مفت سہولت ختم ہونے کے بعد 50 روپئے فیس ادا کرتے ہوئے آدھار کارڈ کو اپ ڈیٹ کرایا جاسکتا ہے۔ آدھار کو مفت میں آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کیلئے پہلے آپ کو UIDAI کی ویب سائیٹ پر آدھار نمبر کے ساتھ لاگ ان کرنے کی ضرورت ہے۔ جیسے ہی آپ رجسٹرڈ موبائیل نمبر پر OTP کے ساتھ لاگ آن ہوں گے، آپ کی موجودہ تفصیلات اسکرین پر ظاہر ہوگی۔ تمام تفصیلات درست ہے یا نہیں چیک کرلیں۔ اگر ان میں کوئی ترمیم ہو تو کی جائے یا موجودہ تفصیلات کی تصدیق کریں۔ اس کے بعد نیکسٹ کو کلک کریں۔ بعد میں ظاہر ہونے والی ڈراپ ڈاؤن فہرست کی مدد سے دستاویزات کو منتخب کریں۔ متعلقہ دستاویزات کی اسکیان شدہ کاپیاں اپ لوڈ کریں اور جمع کرانے کیلئے کلک کریں۔ ایک 14 ہندوں کا اپ ڈیٹ درخواست نمبر ظاہر ہوگا اس کے ذریعہ آپ وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کا اسٹیٹس چیک کرسکتے ہیں۔2