آدھار کارڈس میں نام ،پتہ ،تاریخ پیدائش ،رہائش کا مقام ،کئی غلطیاں

   

Ferty9 Clinic

سی پی آئی تانڈور ٹاؤن سکریٹری کا تربیت یافتہ عملہ کو تعینات کرنے کی اپیل

تانڈور۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی پی آئی تانڈور ٹاؤن سکریٹری محمد منیر احمد نے اپنا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آدھار کارڈس میں روز بہ روز بڑھتی ہوئی غلطیاں عہدیداروں کی سنگین لاپرواہی کا نتیجہ ہیں۔ نام ، تاریخ پیدائش، پتہ اور دیگر اہم تفصیلات میں کی جانے والی غلطیاں عوام کے لیے سخت مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔تانڈور شہر کے پوسٹ آفس میں قائم آدھار سنٹر میں صبح 4 بجے سے ہی کئی خواتین اور مرد قطاروں میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔ عہدیداروں کو ان کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ آدھار سنٹر میں پینے کا پانی اور بیت الخلا کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے آدھار کارڈ کو ہر شہری کی بنیادی شناخت بنائی ہے جس کی بنیاد پر بینک کھاتے، پنشن، طلبہ کے داخلے اور سرکاری اسکیوں کے فوائد حاصل کئے جاتے ہیں لیکن افسوس کہ غیرذمہ دار عہدیداروں کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کو بے حد تکالیف اُٹھانی پڑ رہی ہیں۔سی پی آئی لیڈر نے واضح کیا کہ عوام کو کئی دنوں اور مہینوں تک دفاتر کے چکر کاٹنے کے باوجود ان کی شکایتوں کا ازالہ نہیں کیا جاتا۔ یہ رویہ عوامی خدمت کے بجائے عوامی تکلیف کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آدھار کارڈ مراکز پر تربیت یافتہ اور ذمہ دار عملہ کو تعینات کیا جائے، لاپرواہی برتنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ عوامی شکایتوں کے فوری حل کیلئے خصوصی سہولت کاؤنٹر قائم کیے جائیں۔سی پی آئی تانڈور ٹاؤن سکریٹری نے آخر میں کہا کہ حکومت اگر اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل نہ کرے تو عوام میں ناراضگی اور بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔ان مسائل کو حل کرنے کے لیے سی پی آئی کی جانب سے زبردست احتجاج کیا جائے گا۔