آن لائن مفت سہولت‘ آدھار سنٹر پر بھی سہولت دستیاب‘ 10 سال قدیم کارڈ کا اپ ڈیٹ ضروری
حیدرآباد۔/3ستمبر‘ ( سیاست نیوز) سرکاری اسکیمات سے استفادہ کیلئے آدھار کارڈ لازمی ہے اور ہندوستان میں ہر شہری کیلئے آدھار کارڈ ایک اہم شناختی دستاویز بن چکا ہے۔ آدھار کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے جاری کرنے والی اتھاریٹی نے وقتا فوقتا کئی مواقع فراہم کئے ہیں اور تازہ ترین تبدیلی کے تحت UIDIA نے آدھار اپ ڈیٹ کرنے کی مفت سہولت فراہم کی ہے۔ آدھار کے کروڑہا صارفین اپ ڈیٹ کرنے کی مہم میں شامل ہوچکے ہیں۔ آدھار کو مفت اپ ڈیٹ کرنے کیلئے ابتداء میں 14 جون تک مہلت دی گئی تھی بعد میں اسے بڑھا کر 14 ستمبر 2023 کردیا گیا۔ کسی فیس کے بغیر 14 ستمبر تک آدھار کو اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔ 10 سال پرانا آدھار ہو تو اسے اپ ڈیٹ کرانا ضروری ہے۔ آدھار جاری کرنے والے سرکاری ادارہ نے 10 سال سے زائد عرصہ کی تکمیل کرنے والے آدھار کارڈ ہولڈرس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنا کارڈ اپ ڈیٹ کروائیں۔ ایسے افراد جنہوں نے دس سال یا اس سے زیادہ عرصہ سے آدھار کو اپ ڈیٹ نہیں کیا انہیں اس سہولت سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ اپ ڈیٹ کے تحت ایڈریس‘ موبائیل نمبر اور دیگر تفصیلات کسی بھی چارجس کے بغیر تبدیل کی جاسکتی ہیں۔ آدھار کو آن لائن اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی آدھار سنٹر پر سہولت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے یا پھر خود آدھار کارڈ ہولڈر MyAadhaar پورٹل پر مفت سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ عوام اپ ڈیٹ کیلئے ویب سائیٹ https://myaadhaar.uidai.gov.in سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ویب سائیٹ پر اپ ڈیٹ ایڈریس یا اپ ڈیٹ ڈاکومینٹس کو کلک کرکے تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ عوام کو ایڈریس پروف کیلئے ایڈریس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ اپ ڈیٹ قبول ہونے کے بعد 14 ہندسوں کا اپ ڈیٹ درخواست نمبر URN تیار کیا جائے گا جس کے ذریعہ آدھار اپ ڈیٹ کو ٹریک کرسکتے ہیں۔