حکومت کی ہر فلاحی اسکیم سے استفادہ کرنے کے لیے آدھار کارڈ لازمی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق ہر شہری کو اپنا آدھار کارڈ 10 سال میں ایک مرتبہ اپ ڈیٹ کرانا لازمی ہے ۔ آدھار اپ ڈیٹ کرانے کی مہلت میں توسیع دی گئی تھی ۔ 14 ستمبر تک آدھار کارڈ مفت اپ ڈیٹ کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ آدھار اپ ڈیٹ کرانے کا یہ آخری موقع ہوسکتا ہے ۔ گذشتہ سال اور جاریہ سال بھی کئی مرتبہ اس مہلت میں توسیع دی گئی ہے ۔ اب مزید اس مہلت میں توسیع دی جائے گی یا نہیں ابھی تک کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔ اگر کسی نے ابھی تک اپنا آدھار کارڈ اپ ڈیٹ نہیں کرایا ہے تو وہ فوری اس سہولت سے استفادہ کرلیں ۔ آدھار انرولمنٹ اپ ڈیٹ ریگولیشنس 2016 کے تحت شہریوں کو اپنا آدھار انٹرولمنٹ کی تاریخ سے ہر 10 سال کی تکمیل پر POI اور POA دستاویزات لازمی طور پر اپ ڈیٹ کرانا ہے ۔ یہ پانچ تا 15 سال عمر کے بچوں سے متعلق بلو آدھار کارڈ پر بھی بائیو میٹرک تفصیلات اپ ڈیٹ کرانا ہوگا ۔ آدھار کارڈ زندگی کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے ۔ اسکولس میں داخلوں سے لے کر بینک اکاونٹس کھولنے یا پھر حکومت کی کسی بھی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے کے لیے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اس طرح ہر کام کے لیے آدھار کارڈ ضروری ہوگیا ہے ۔ ایک مرتبہ آدھار کارڈ بنا لینا کافی نہیں ہے ۔ آدھار کارڈ میں کوئی غلطیاں ہو یا پتہ تبدیل کرنا ہو ۔ فون نمبر تبدیل کرنا ہو تو فوری اپ ڈیٹ کرانا ضروری ہے ۔ تاہم ابھی تک مرکزی حکومت نے آن لائن میں مفت آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ 14 ستمبر 2024 کو یہ مہلت ختم ہورہی ہے جو شہری اپ ڈیٹ نہیں کرائے اس سے قبل اپنا آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کرالیں ۔۔ 2