آدیش گپتا کے مکان پر عآپ خود بلڈوزر چلائے گی:درگیش

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والی کارپوریشن کو چیلنج کیا ہے کہ اگر بی جے پی دہلی کے ریاستی صدر آدیش گپتا کے گھر اور دفتر کو ہفتہ کی صبح 11 بجے تک منہدم نہیں کیا گیا تو پارٹی کل خود بلڈوزر چلا کر اس پر کارروائی کرے گی۔ اے اے پی کے سینئر لیڈر درگیش پاٹھک نے آج نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر گپتا کے گھر اور دفتر کی تعمیر غیر قانونی ہے ، اس کے باوجود اس کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ پارٹی نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے میئر اور کمشنر کو تحریری شکایت کی ہے ، جس میں بی جے پی کے ریاستی صدر کے گھر اور دفتر پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ مسٹر پاٹھک کہتے ہیں کہ پوری دہلی کو تباہ کرنے والے بی جے پی کی حکومت والی ایم سی ڈی کے کسی لیڈر یا کسی افسر کے خلاف بلڈوزر کی کارروائی کیوں نہیں ہوئی ہے ؟ اے اے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے پوری دہلی میں تباہی مچا رکھی ہے ۔ ان کے کارکن اور پارٹی تنظیم کے لوگ پوری دہلی میں گھوم رہے ہیں اور لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر آپ نے اتنی رقم نہیں دی تو آپ کا گھر تڑوا دیں گے ۔ غریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔ غیر مجاز کالونیوں میں مکانات گرائے جا رہے ہیں۔ جھگیوں کو مسمار کیا جا رہا ہے ، لیکن بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی لیڈروں میں سے کسی بھی اہلکار کی رہائش گاہ پر بلڈوز نہیں چلایا گیا ہے ۔ جبکہ بی جے پی کی حکومت والی ایم سی ڈی نے خود ہی یہ تمام غیر قانونی تعمیرات گزشتہ 17 سالوں میں کروائی ہیں۔