حیدرآباد ۔ /22 اگست (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ آدی بٹلہ میں پولیس ملازمین کی ہنگامہ آرائی کا سنسنی خیز واقعہ منظر عام پر آیا ۔ جہاںایک ریسٹورنٹ میں آکٹوپس ونگ سے وابستہ تقریباً 15 تا 20 ملازمین پولیس نے دو افراد کو شدید زدوکوب کیا ۔ پولیس ملازمین پر نشہ کی حالت میں عام شہریوں پر حملہ کرنے اور انہیں شدید زدوکوب کرنے کا الزام پایا جاتا ہے ۔ ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھارہے افراد پر نشہ میں دھت پولیس عملہ ٹوٹ پڑا ۔ واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آچکی ہے اور سوشیل میڈیا پر وائرل ہے ۔ تاہم پولیس نے اس بات سے انکارکردیا اور پولیس ملازمین پر عائد الزامات کو مسترد کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آدی بٹلہ پولیس حدود میں بونگلور گیٹ پر واقع منارچولو ریسٹورنٹ میں یہ ہنگامہ ہوا اور منگل پلی کے ساکنان راجو اور کرشنا کو زدکوبی کا نشانہ بنایا گیا ۔ تاہم آدی بٹلہ پولیس نے ایسے واقعہ اور شکایت گزار کا پولیس سے رجوع ہونا بے بنیاد قرار دے کر واقعہ کو حقیقت سے عاری بتایا ۔
کھلے مین ہول میں گر کر بچہ زخمی
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گڈی ملکا پور میں دیڑھ سالہ بچہ مین ہول میں گرکر زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ مہاویر یادو نگر میں پیش آیا ۔ مین ہول میں گرتا ہوا دیکھ کر ایک شخص نے بچہ کو باہر نکال لیا تاہم بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ دکشانت مکان کے پاس کھیل رہا تھا کہ کھلے مین ہول میں گر پڑا۔ زخمی حالت میں بچہ کو نیلوفر دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اسکی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے جی ایچ ایم سی اور واٹر بورڈ کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔