آدی پورش میں اب مکالمے تبدیل کرنے کا فیصلہ

   

ممبئی ۔ جب سے فلم آدی پورش ریلیز ہوئی ہے، اس فلم کے متعلقکافی ہنگامہ برپا ہے اور چاروں گوشوں سے اس پر شدید تنقید کی جارہی ہے ۔ جہاں ایک طرف فلم کمائی کے معاملے میں پہلے دن ریکارڈ توڑ رہی تھی وہیں دوسری طرف فلم اپنے ڈائیلاگز (مکالمے ) ، کرداروں ، کہانی ، وی ایف ایکس اور ہر چیز کی وجہ سے بھی بحث میں ہے۔ فلم میں کچھ ڈائیلاگ ایسے ہیں جو شائقین کو پسند نہیں آئے اور انہیں ہٹانے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے کیونکہ اس مکالمہ کے بول نچلی سطح کے ہیں ۔ اب فلم کے رائٹر منوج منتشیر نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا ہے کہ فلم میں جو ڈائیلاگ پسند نہیں کیے گئے انہیں ہٹا دیا جائے گا۔ منوج منتشیر نے زبردست احتجاج کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے سامنے اپنی بات رکھی۔ اس دوران انہوں نے اپنا موقف رکھا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ تمام ڈائیلاگز جن سے مداحوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے یا ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انہیں چند دنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے اپنی بات کہی۔ اس میں منوج منتشیر نے بتایا کہ انہوں نے فلم میں 4000 سے زیادہ مکالمے لکھے ہیں۔ لیکن لوگوں کو ان کے لکھے ہوئے 5 ڈائیلاگ پر اعتراض ہے۔ ایسے میں یہ مکالمے ایک ہفتے کے اندر تبدیل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی سے کوئی شکایت نہیں اور نہ کبھی ہوگی۔ مصنف کے مطابق انہوں نے یہ فلم سناتن کی خدمت کے لیے بنائی ہے اور یہ فلم مکمل طور پر اہل وطن کے لیے ہے۔ فلم کی کمائی کی بات کریں تو فلم نے دو دنوں میں اچھی کمائی کر لی ہے۔ پہلے دن فلم کا کلیکشن چونکا دینے والا تھا اور بھلے ہی دوسرے دن فلم نے کمائی میں نصف حصہ کا نقصان دیکھا ہے ، لیکن اس کے بعد بھی فلم کا دو دن کا کلیکشن حیران کن ہے۔ فلم نے پہلے دن 140 کروڑ کی کمائی کی تھی اور رپورٹس کے مطابق فلم کے دوسرے دن کی آمدنی میں نصف سے بھی زیادہ کی گراوٹ آئی ہے ۔ جہاں تک فلم کی کامیابی کا سوال ہے تو شائیقن نے اسے حالیہ عرصہ کی سب سے گھٹیا فلم قراردیا ہے ۔