باکو : آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازعہ علاقے نیگورنو-کاراباخ میں لڑائی جاری ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے تازہ جھڑپوں کی رپورٹس دی جارہی ہیں جبکہ آرمینیا کی فوج کے اب تک 773 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔خبر ایجنسی ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان نے نیگورنو-کاراباخ میں مزید جھڑپوں کی تصدیق کی ہے جہاں لڑائی کو تین ہفتے ہوچکے ہیں جبکہ جنگ بندی کی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ آرمینیا کی فوج کی جانب سے شلباری کا سلسلہ تھما نہیں اور ترتار اور آغدام میں مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں 2شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔دوسری جانب آرمینیا کی وزارت دفاع کی ترجمان سشان اسٹیپانیان نے کہا کہ جنوبی علاقوں میں لڑائی میں شدت آئی ہے اور آذربائیجان کی فورسز مذکورہ خطے میں آرٹلری کا استعمال کر رہی ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کا کہنا تھا کہ ان کی فوج نے جبرائیل اور فضولی کے خطے میں کئی گاؤں اور شہروں میں قبضہ حاصل کر لیا ہے۔خیال رہے کہ نیگورنو-کاراباخ میں آرمینیا کا قبضہ 90 کی دہائی سے ہے جبکہ عالمی سطح پر اس کو آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے۔
