قازقستان میں پیش آئے حادثہ میں 6 مسافر زندہ بچ گئے، طیارہ روس جارہاتھا
قازقستان کے شہر اکٹاؤ کے قریب ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس میں 70 سے زائد افراد سوار تھے۔ رپورٹوں کے مطابق، اس حادثے میں 6 مسافر زندہ بچ گئی جبکہ درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ قازقستان کی ایمرجنسی وزارت نے یہ اطلاع دی۔ طیارہ اکٹاؤ ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔یہ طیارہ آذربائیجان ایئرلائنز کا ایمبریئر 190 تھا جو باکو سے روس کے شہر گروزنی جا رہا تھا، لیکن گروزنی میں دھند کی وجہ سے اس کا راستہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔ طیارہ حادثے کے مبینہ مناظر سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں،جن میں ایک طیارے کو زمین پر گر کر آگ کے گولے میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دیگر مناظر میں امدادی کارکنوں کو طیارے کے ٹکڑوں کے قریب دیکھا گیا جو زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیںایئرلائن کے مطابق، طیارے میں 72 افراد سوار تھے جن میں عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔ طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے اکٹاؤ شہر سے تقریباً 3 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا۔ قازقستان کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات، بشمول ممکنہ تکنیکی خرابی، کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔وزارت نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد لگی آگ کو بجھا دیا گیا ہے اور زندہ بچ جانے والے افراد کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایک اور حالیہ فضائی حادثے میں، برازیل کے ایک سیاحتی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن میں تمام مسافر اور عملے کے افراد شامل تھے۔