آرام گھر تا زو پارک بریج کے کام کی بروقت تکمیل کا امکان نہیں

   

سات ماہ میں 119 کے منجملہ 10 پلرس مکمل ، حتمی وقت کے لیے صرف ایک سال باقی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بہادر پورہ بریج کے قریب میں آرام گھر تا زو پارک گریڈ سپریٹر کے کام بھی سست رفتاری کے ساتھ ہورہے ہیں ۔ اسے مکمل کرنے کے لیے مقررہ وقت مارچ 2023 کے لیے بمشکل ایک سال کا وقت رہ جانے کے باوجود اس کے زیادہ تر پائیرس کے لیے ابھی بنیاد نہیں ڈالی گئی ہے ۔ اسٹریٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام (SRDP) کے تحت 636.80 کروڑ روپئے کے فنڈ سپورٹ سے آرام گھر تا زو پارک 4.048 کلو میٹر طویل گریڈ سپریٹر پراجکٹ کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ یہ بریج ، شہر کے اطراف ایک مکمل انر سرکل بنانے کے لیے سلسلہ وار تعمیرات کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل کو حل کرنا ہے ۔ تاہم ، اس کا جس رفتار سے کام ہورہا ہے اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ پراجکٹ اس کے مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہوگا جیسا کہ بہادر پورہ پراجکٹ میں ہوا ہے جہاں ایک سے زائد مرتبہ وقت مقررہ پر کام کی تکمیل نہیں ہوپائی ہے ۔ اس پراجکٹ کا آغاز گذشتہ سال ہوا ، اور اس کا کام ستمبر 2021 میں مٹی کے ٹسٹ کے ساتھ شروع ہوا اور اس کے لیے کوئی رسمی افتتاحی تقریب منعقد نہیں ہوئی جیسا کہ دوسرے کیسیس میں دیکھا گیا ۔ جملہ 119 پلرس میں سے گذشتہ سات ماہ میں صرف 10 پلرس ہی مکمل ہوئے ہیں ۔ باقی 109 پائیرس کے کام مختلف مراحل میں ہیں ۔ اس پراجکٹ کی تکمیل کے لیے مقررہ وقت مارچ 2023 کے لیے صرف ایک سال کا وقت رہ گیا ہے ۔ رابطہ کرنے پر ، دتوپنت ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ( پراجکٹس ) ، ساوتھ زون جی ایچ ایم سی نے کہا کہ ’ اب تک دس پلرس مکمل ہوگئے ہیں ۔ مزید 30 پلرس کے لیے فاونڈیشن رکھا گیا ہے جب کہ مزید 25 ایک فیٹ بلندی تک اٹھائے گئے ہیں معاہدہ کے مطابق یہ پراجکٹ مارچ 2023 تک تیار ہوجانا چاہئے ہم اسے وقت مقررہ پر مکمل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں ۔ اگر ہر چیز منصوبے کے مطابق ہو تو یہ پراجکٹ مارچ 2023 تک تیار ہوگا ‘ ۔ اس پراجکٹ کے لیے متاثر ہونے والی جائیدادوں کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ اس میں جملہ 163 جائیدادیں متاثر ہوئی ہیں ۔ ان میں 30 کو لے لیا گیا ہے اور رقم ادا کی گئی ہے ۔ حصول اراضی کے لیے 175 کروڑ روپئے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔۔