آرام گھر چوراہا پر گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو لڑکیوں سمیت چھ افراد گرفتار ، اسپیشل آپریشن ٹیم سائبرآباد و راجندر نگر کی کارروائی
حیدرآباد /16 مئی ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم سائبرآباد اور راجندر نگر پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 2 لڑکیوں سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبصہ سے 13 کیلو گرام گانجہ ایک لاکھ 80 ہزار روپئے نقد رقم کار موٹر سائیکل دیگر اشیاء ضبط کرلیا ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد مسٹر پرکاش ریڈی نے بتایا کہ 24 سالہ شخص شوبھم سنگھ 30 سالہ انیش سنگھ ساکنان دھول پیٹ 29 سالہ جی نریش 19 سالہ نوین کمار ساکنان نارکٹ پلی 18 سالہ کماری سنیتا ساکن دھول پیٹ 19 سالہ کماری روہنی دیوی ساکن کمہارواڑی پٹہ چبوترا کاروان کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ آرام گھر چوراہے پر تلاشی کے دوران پولیس نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ گرفتار افراد میں شوبھم سنگھ پیشہ وار مجرم ہے جو گانجہ منتقلی کا کام کرتا ہے ۔ سابق میں یہ ملزم 7 ایسے واقعات میں ملوث ہے اور جیل کی سزآ بھی کاٹ چکا ہے ۔ جبکہ اس ٹولی کا ایک اور سرغنہ جو مفرور بتایا گیا ہے ۔ سریندر سنگھ کو پولیس تلاش کر رہی ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم کے علاقہ سے گانجہ خرید کر شہر منتقل کیا جاتا تھا اور اس ٹولی نے جل پلی کے علاقہ میں ایک مکان کرایہ پر حاصل کیا تھا ۔ جس میں یہ لوگ گانجہ کے چھوٹے پیاکٹس تیار کرتے تھے اور 5 ہزار روپئے فی کیلو گرام گانجہ فروخت کیا جاتا تھا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر اشوک چکراورتی اور انسپکٹر راجندر نگر ستیش و دیگر موجود تھے ۔