آرام گھر کالونی میں قتل مقدمہ میں ملوث پانچ قاتل گرفتار

   

منگل ہاٹ پولیس کی کارروائی، ایڈیشنل ڈی سی پی گولکنڈہ زون کرشنا گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) منگل ہاٹ پولیس نے قتل کیس کے مقدمہ کو حل کرتے ہوئے 5 قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرشنا گوڑ گولکنڈہ زون نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ رشیب اگروال عرف سنی اگروال کا گزشتہ روز آرام گھر کالونی میں قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے 31 سالہ منا سنگھ ساکن جمعرات بازار، لڈو سنگھ 30 سالہ ساکن ٹکر واڑی، 30 سالہ ایم پرنئے کمار ساکن فتح دروازہ گولکنڈہ، 20 سالہ ٹی ادے کرن ساکن جانکی نگر ٹولی چوکی اور 20 سالہ کے اوم پرکاش ادتیہ نگر ٹولی چوکی کو گرفتار کرلیا جبکہ رمنیش سنگھ عرف امریش، کنال سنگھ، ورمالو مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے تین سیل فون اور دو ٹووہیلرس کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق رشیب اگروال اور منا سنگھ کی پہچان لڈو سنگھ کے ذریعہ ہوئی۔ رشیب اگروال حالیہ دنوں جیل سے رہا ہوا تھا اور ملاقات اور بات چیت میں اگروال نے منا سنگھ کو بتایا کہ وہ جیل میں چند افراد کے ساتھ جو منا سنگھ کے خاندانی دشمن ہیں۔ منا سنگھ کو اس بات کا شک ہوگیا کہ اگروال کسی ذاتی دشمنی کے تحت اس کے دشمنوں کی ہدایت پر ملنے آیا تھا اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ منا کو کسی سازش کا شک ہوگیا تھا جس سے پریشان منا نے منصوبہ بند طریقہ سے لڈو سنگھ کے ذریعہ رشیب اگروال کو طلب کیا اور اس کا قتل کردیا گیا۔ پولیس مفرور افراد کی تلاش کررہی ہے۔ع