لندن ۔5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے کوچ ٹریور بیلس کے معاہدے کے اختتام کے بعد نئے کوچ کے ناموں پر غور کردیا ہے اور پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ رواں سیزن ایشز سیریز کے اختتام پر ٹریور بیلس کے معاہدے کا اختتام ہو جائے گا اور انہوں نے مزید کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سبب انگلینڈ نے کوچنگ میں دلچسپی کے خواہاں متعدد امیدواروں سے بات کی ہے۔انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایشلے جائلز نے کوچنگ میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے نام بتائے اور اس فہرست میں مکی آرتھر کا نام بھی شامل ہے۔ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی انگلش ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران اس بارے میں انگلش بورڈکو آگاہ کیا۔ مکی آرتھر پاکستان سے قبل اپنے آبائی وطن جنوبی افریقہ کے علاوہ آسٹریلیا کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔ موجودہ دور میں کوچز ٹی20 لیگز میں پرکشش معاہدوں کے سبب کسی ایک یا دوفارمیت میں ٹیم کی کوچنگ کے خواہاں ہیں لیکن انگلینڈ اپنی ٹیم کی بھاری مصروفیات کے باوجود تینوں فارمیٹ کے لیے ایک ہی کوچ رکھنا چاہتا ہے۔ مکی آرتھر کے ساتھ جنوبی افریقہ کے ایک اورسابق کوچ اوٹس گبسن اور 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن بھی امیدواروں کی فہرست کا حصہ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبس جنوبی افریقہ کی کوچنگ سے قبل انگلینڈ کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ گیری کرسٹن اس انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجر بنگلور سے وابستہ ہیں۔