آرمور میں بی جے پی کو دھکہ سینئیر لیڈر ونئے کمار ریڈی مستعفی

   

نظام آباد :16؍ اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی جے پی کے سینئر قائد حلقہ آرمور کے انچارج ونئے کمار ریڈی پارٹی صدر کو ایک تحریر روانہ کرتے ہوئے بی جے پی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ ونئے کمارریڈی پارٹی صدر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کو واضح کیا کہ 2018 ء سے بی جے پی میں سرگرم ہوں اور حلقہ آرمور میں بی جے پی کی ترقی اور رکن پارلیمنٹ اروند کی کامیابی کیلئے اہم رول ادا کرتے ہوئے آرمور حلقہ سے 32 ہزار اکثریت حاصل کی گئی تھی اور حلقہ میں 14 ایم پی ٹی سیز اور ایک زیڈ پی ٹی سی ، 6 اراکین بلدیہ کو کامیابی مین اہم رول ادا کیا تھا ۔ لیکن رکن پارلیمنٹ اروند کی رویہ کے باعث پارٹی سے مجبوراً علیحدگی اختیار کرنا پڑرہا ہے ۔ ونئے ریڈی بی جے پی سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں اور یہ 18؍ اگست کے روز کانگریس پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں ۔ ونئے ریڈی کو آرمور حلقہ سے ٹکٹ دئیے جانے کے بھی امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔
نظام آباد میں بی سی ڈیکلریشن پر کانگریس کے زیر اہتمام اجلاس
نظام آباد :16؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی سی ڈیکلریشن پر آج کانگریس پارٹی کی جانب سے منور کاپو سنگم میں ایک اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس اجلاس میں بی سی ڈیکلریشن کمیٹی کے صدر ہنمنت رائو ، سابق رکن پارلیمنٹ پرچار کمیٹی کے صدر مدھو یاشکی گوڑ ، کانگریس پارٹی کے ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ ، پردیش کانگریس کے نائب صدر طاہر بن حمدان نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر ہنمنت رائو نے کہا کہ پسماندہ طبقات فلاح بہبودی کیلئے بڑے پیمانے پر کانگریس پارٹی کے دور حکومت میں بالخصوص اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی کے دور حکومت میں بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے تھے اور 18 سال عمر یافتہ نوجوانوں کو حق رائے دہی فراہم کی تھی ۔ مسٹر ہنمنت رائو نے کہا کہ یو پی کے دور حکومت میں پسماندہ طبقات کیلئے کئے گئے اقدامات کے باعث پسماندہ طبقات کے بچو ں کو اعلیٰ تعلیم کا موقع حاصل ہوا ہے ۔