آرمی پبلک اسکول، ایئر فورس بال بھارتی اسکول کو بم کی دھمکی موصول

   

نئی دہلی، 23 فروری (یواین آئی) نئی دہلی میں پیر کی صبح اس وقت سکیورٹی سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جب دو معروف تعلیمی اداروں آرمی پبلک اسکول دھولا کنواں اور ایئرفورس بال بھارتی اسکول کو بم کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی۔ دہلی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور دہلی فائر سروس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور طلبہ و عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کے احاطوں کی مکمل تلاشی لی گئی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر دونوں اسکولوں کے اطراف کو سیل کر دیا گیا اور آمد و رفت محدود کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل ملتے ہی اسکول انتظامیہ نے حکام کو مطلع کر دیا تھا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی، جس کے بعد احتیاطاً احاطے خالی کرا لیے گئے اور مکمل سرچ آپریشن جاری ہے ۔ اب تک کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی، جبکہ ای میل کے ذرائع کی جانچ کی جارہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔ ہفتہ کے روز بھی دارالحکومت کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا جب خفیہ اطلاعات میں لشکر طیبہ کی جانب سے دہلی کے ہجوم والے مذہبی اور تاریخی مقامات کو نشانہ بنانے کے ممکنہ منصوبے سے خبردار کیا گیا تھا۔ الرٹ کے بعد چاندنی چوک کے مندروں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور نیم فوجی دستے مسلسل نگرانی اور چوکسی کے لیے تعینات کر دیے گئے ہیں۔