راہول گاندھی کے خدشات درست ثابت ، مختلف گوشوں سے اعتراضات
حیدرآباد۔7مئی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے آروگیہ سیتو ایپلیکیشن میں موجود خامیوں پر مباحث کا آغاز ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے شہریوں کے موبائیل فون میں آروگیہ سیتو ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرونا کیلئے بضد ہے۔ آدھار کارڈ کے سلسلہ میں بھی یہ دعوے کئے جاتے رہے ہیں کہ آدھار کارڈ کیلئے دی گئی تفصیلات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان تفصیلات تک کوئی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکتا اورکوئی بھی آدھار کارڈ رکھنے والے شہری کی تفصیلات کے حصول کے سلسلہ میں کوشش نہیں کرسکتا لیکن مختصرمدت کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ آدھار کے لئے دی گئی تفصیلات بھی محفوظ نہیں ہیں لیکن اب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے جانے الے اقدامات کے سلسلہ میں تیار کئے گئے موبائیل ایپلیکیشن’’آروگیہ سیتو‘‘کے متعلق دعوی کیا تھا کہ اس میں کوئی خامی نہیں ہے لیکن اب یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ آروگیہ سیتومیں فراہم کی جانے والی تفصیلات بھی مخفی نہیں رہیں گی بلکہ ان تفصیلات تک دیگر کمپنیوں کی رسائی بھی ممکن ہے۔بتایاجاتا ہے کہ سائبر ٹکنالوجی کے ماہرنے اس بات کا دعوی کیا ہے کہ آروگیہ سیتو اپلی کیشن کے سبب 90 ملین ہندستانی شہریوں کی شخصی تفصیلات کو خطرہ ہوسکتا ہے اور اس خطرہ سے نمٹنے کی کوئی پالیسی موجود نہیں ہے کیونکہ سائبر ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ان کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور اس ایپلیکشن میں اپنی تفصیلات کا اندراج کروانے والوں کی خانگی معلومات کا انکشاف ممکن ہے اور ان تفصیلات تک رسائی حاصل کرنے کے بعد کئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔مرکزی حکومت کی وزارت صحت کی جانب سے تیار کئے گئے اس ایپلیکیشن کے متعلق کانگریس قائد راہول گاندھی نے جن خدشات کا اظہار کیا تھاوہ درست تھے کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے آروگیہ سیتو ایپلیکیشن کے ذریعہ ہندستانی شہریوں کی شخصی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کا افشاء بھی ممکن ہے۔راہول گاندھی کی جانب سے کئے گئے اس دعوے کے بعد اب دنیا کے مختلف ممالک میں موجود سائبر ماہرین کی جانب سے یہ کہا جا رہاہے کہ آروگیہ سیتو ایپ ہندستانی شہریوں کی شخصی تفصیلات کو محفوظ رکھنے کا متحمل نہیں ہے اور کوئی بھی سائبر حملہ کے ذریعہ ان تفصیلات کا سرقہ ممکن ہے۔سائبر دھوکہ دہی کیلئے سرقہ کی جانے والی ان تفصیلات کا استعمال کیا جاسکتا ہے علاوہ ازیں ہندسانی شہریوں کی پروفائلنگ کیلئے بھی آروگیہ سیتو ایپ میں فراہم کی گئی تفصیلات کا استعمال کیا جاسکتا ہے اسی لئے اس پر مختلف گوشوں سے اعتراض کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت فوری اس ایپ سے دستبرداری اختیار کرے۔