آروگیہ شری اسکیم بقایا جات کی فوری عدم اجرائی پر علاج روک دینے کا انتباہ

,

   

محکمہ صحت اور حکومت کو خانگی دواخانوں اور کارپوریٹ دواخانوں کی تنظیم کا بیان
حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے خانگی دواخانوں کو اداشدنی بقایاجات کی عدم ادائیگی کی صورت میں خانگی دواخانوں میں آروگیہ شری کے مریضوں کو شریک کرنے پر روک لگانے کے سلسلہ میں غور کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آروگیہ شری اسکیم کے بقایاجات کی ادائیگی نہ کئے جانے کے سبب سرکاری دواخانوں نے آروگیہ شری اسکیم کے تحت آئندہ ماہ کے اوائل سے مریضوں کے علاج کو روک دینے کے سلسلہ میں محکمہ صحت اور حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں خانگی و کارپوریٹ دواخانوں کے ذمہ داروں کی تنظیم کا کہناہے کہ تلنگانہ حکومت زائد از 300 کروڑ روپئے دواخانوں کو ادا شدنی ہے اور سال گذشتہ حکومت کی جانب سے اندرون تین ماہ یہ بقایاجات ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے دوران خانگی دواخانوں کی جانب سے نہ ہی علاج روکا گیا اور نہ ہی بقایاجات کی اجرائی کے دباؤڈالنے کی کوشش کی گئی لیکن اب حکومت کی جانب سے آروگیہ شری اسکیم کے تحت جن مریضوں کا علاج کیا گیا ہے ان کے بقایاجات ادا کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران حکومت کے ذمہ داروں سے خانگی دواخانوں کے نمائندوں نے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کارپوریٹ اور خانگی دواخانوں کے اس فیصلہ سے حکومت کو واقف کروایا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے ادا شدنی آروگیہ شری کے بقایاجات میں ہورہے اضافہ کے سبب خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔خانگی دواخانوں کے ذرائع کا کہناکہ عرصہ دراز سے ان بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلہ میں کی جانے والی نمائندگیوں کے ناکام ہونے کے سبب دواخانوں کی جانب سے مجبوری کی حالت میں اسکیم کو روکنا پڑرہا ہے ۔ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ سال کے بجٹ میں دواخانوں کو ادا شدنی رقومات کی تخصیص کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن حالات کے ابتر ہونے کے سبب مذکورہ رقومات بھی ہیلت انفراسٹرکچر پر خرچ کی گئی ہیں اور حکومت خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کے دوران انہیں صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے وقت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی اور توقع ہے کہ حکومت کی جانب سے دواخانوں کے لئے نئے مراعات کے اعلان کے ساتھ جلد ان رقومات کی اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔