آروگیہ شری اسکیم میں کورونا کا علاج شامل ، تلنگانہ حکومت کا اہم فیصلہ

   

ریاست میں آروگیہ شری + ایوشمان بھارت کے نام سے اسکیم پر عمل آوری ، جملہ 1668 امراض کا مفت علاج
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم میں شامل کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے کورونا کے علاج ایوشمان بھارت اسکیم میں شامل کیا ہے ۔ ریاست میں ایوشمان بھارت اسکیم پر عمل کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد یہ ممکن ہوپایا ہے ۔ ریاست میں آروگیہ شری + ایوشمان بھارت کے نام سے اس اسکیم پر عمل آوری ہوگی ۔ کورونا کے علاج کو 17 اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ان میں 14 اقسام کا سرکاری ہاسپٹلس میں علاج کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی مرحلہ واری اساس پر ان امراض کے علاج کو خانگی ہاسپٹلس میں توسیع دی جائے گی ۔ ریاست میں مرکز کی ایوشمان بھارت اسکیم پر عمل کرنے سے ریاست میں 1668 اقسام کے مفت علاج عوام کو دستیاب ہورہا ہے تاہم حکومت نے ان میں 642 امراض کا علاج سرکاری ہاسپٹلس میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ابھی تک صرف 50 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹلس میں ہی آروگیہ شری اسکیم پر علاج کیا جارہا تھا ۔ ایوشمان بھارت اسکیم پر عمل کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد اب 6 بیڈس پر مشتمل پرائمری ہیلت سنٹرس 30 بیڈس پر مشتمل سوشیل ہیلت سنٹرس میں بھی عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 6 بیڈس پر مشتمل خانگی ہاسپٹلس میں آروگیہ شری + ایوشمان بھارت اسکیم پر عمل آوری کے لیے رہنمایانہ خطوط کی تیاری کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔ ریاست میں آروگیہ شری اسکیم کے تحت 1026 امراض کا علاج کرایا جارہا ہے ۔ آروگیہ شری + ایوشمان بھارت دونوں میں 810 امراض کا علاج شامل ہے ۔ مزید 216 اقسام کے امراض کا آروگیہ شری + ایوشمان بھارت اسکیم میں شال نہیں ہے ۔ ماضی کی طرح اس پر علاج جاری رہے گا ۔ آروگیہ شری اسکیم سے 77.10 لاکھ افراد استفادہ کررہے ہیں ۔ ایوشمان بھارت اسکیم کے تحت مزید 24 لاکھ افراد کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اس کے علاج کے 60 فیصد اخراجات مرکزی حکومت برداشت کرے گی ۔ مابقی 40 فیصد مصارف ریاستی حکومت کو برداشت کرنا ہے ۔ ایوشمان بھارت اسکیم کے تحت مرکز سے تلنگانہ کو 250 کرور روپئے حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ آروگیہ شری کے تحت ایک خاندان کو 2 لاکھ روپئے تک علاج کیا جارہا ہے ۔ ایوشمان بھارت اسکیم کے تحت ایک خاندان کو 5 لاکھ روپئے تک سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ابھی تک آروگیہ شری اسکیم کے حدود میں شامل نہ رہنے والے 642 نئے امراض کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں بخار ، ملیریا ، ڈینگو ، چکن گنیا ، ڈیریا ، گیاسٹرو انٹرواٹیو ، سانپ اور کتے کا کاٹنے ، نمونیا ، پسٹیک آتھراٹیس ، لیزر تھراپی ، ایچ آئی وی اور اس سے تعلق رکھنے والے دوسرے امراض ، خون کی تبدیلی ، جگر کے امراض نیورولوجی کے علاوہ دوسرے امراض شامل ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام دوسری ریاستوں کا دورہ کرتے وقت اگر وہاں کوئی طبی مسائل پیدا ہوتے ہیں تو وہاں پر آروگیہ شری + ایوشمان بھارت کارڈ کے ذریعہ مفت علاج کراسکتے ہیں ۔ دوسری ریاستوں کے عوام تلنگانہ میں علاج کراسکتے ہیں ۔ اپنے اپنے مریضوں کے علاج کے مصارف متعلقہ ریاستیں ادا کریں گی ۔ جملہ 1668 امراض میں شامل نہ رہنے والا کوئی مرض ہو تو اس کے علاج کے لیے آروگیہ شری علاج کے عہدیدار کی منظوری سے ایک لاکھ روپئے تک کا علاج کرایا جاسکتا ہے ۔۔ N