آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10.72 لاکھ عوام کا علاج: وزیر صحت

   

تلنگانہ حکومت نے تاحال 1590 کروڑ روپے ہاسپٹلس کو جاری کئے ۔ کانگریس کے انتخابی وعدہ کی تکمیل کا ادعا
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ کے اسپتالس میں ڈسمبر 23 سے اب تک 10,70,000 عوام کا آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے حکومت سے تعاون کرتے ہوئے آروگیہ شری کے مریضوں کو معیاری طبی خدمات انجام دینے پر پرائیوٹ اور کارپوریٹ ہاسپٹلس سے اظہار تشکر کیا ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابی وعدے کے مطابق کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوتے ہی آروگیہ شری کے تحت علاج کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ روپیوں تک توسیع کردیا ہے اور عوام حکومت کی اس اسکیم سے بھرپور استفادہ کررہے ہیں۔ خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس بھی آروگیہ شری اسکیم کے تحت مریضوں کا علاج کرتے ہوئے حکومت سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ کئی دہوں کے بعد خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس کے انتظامیہ کے مطالبہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے علاج کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔ حکومت نے ان قیمتوں میں 22 فیصد تک اضافہ کیا ہے اور ہر ماہ ہاسپٹلس کو بلز کی اجرائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کی مالی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود کانگریس حکومت عوام کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کرنے والے ہاسپٹلس کو فوری فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ حکومت کے ان بروقت اقدامات کی وجہ سے پرائیویٹ اور کارپوریٹ ہاسپٹلس بھی غریب عوام کا آروگیہ شری اسکیم میں علاج کرنے آگے آرہے ہیں۔ کانگریس کے 20 ماہ دور حکومت میں 10.72 لاکھ عوام کا آروگیہ شری کے ذریعہ علاج کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے علاج کرنے والے ہاسپٹلس کو 1590 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جس کے بعد آروگیہ شری علاج کرنے کیلئے ہاسپٹلس اپنی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ ریاست میں 461 خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس میں آروگیہ شری کی خدمات دستیاب ہیں۔ وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ آروگیہ شری اسکیم کے فہرست میں جو ہاسپٹلس ہیں ان سے رجوع ہوکر اپنا مفت علاج کرائیں۔ 2