خانگی ہاسپٹلس سے خدمات جاری رکھنے وزیر صحت کی اپیل
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس سے اپیل کی کہ وہ آروگیہ شری خدمات کو جاری رکھیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے آروگیہ شری کے بلز کے تحت ہر ماہ 50 کروڑ بھی جاری نہیں کئے جبکہ کانگریس حکومت نے ہر ماہ 100 کروڑ کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری خدمات کی معطلی کی صورت میں حکومت متبادل انتظامات پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل سے کہا کہ وہ عوام کے علاج میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں ۔ واضح رہے کہ خانگی ہاسپٹلس آروگیہ شری کے 1400 کروڑ کے بقایہ جات کی اجرائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کل سے آروگیہ شری خدمات کو معطل کردیا ہے۔ حکومت نے آروگیہ شری نیٹ ورک ہاسپٹلس سے مذاکرات کرتے ہوئے ہر ماہ 100 کروڑ کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ آروگیہ شری خدمات کی معطلی کی صورت میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بھی خانگی ہاسپٹلس سے اپیل کی ہے کہ وہ آروگیہ شری کی خدمات کو جاری رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے آروگیہ شری کے تحت علاج کی شرح میں 22 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ 2014 تا 2023 بی آر ایس دور حکومت میں ماہانہ 57 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ماہانہ 75 کروڑ جاری کئے گئے ۔1