وزیر صحت ای راجندر سے مندوبین کی نمائندگی
حیدرآباد /16 اگست ( این ایس ایس ) ریاست بھر میں نیٹ ورک ، پرائیویٹ اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کی جانب سے مریضوں کیلئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت ہیلت کیر سرویس روک دینے کی اطلاعات کے درمیان حکومت نے اس مسئلہ کو حل کرنے کا عزم کیا ہے ۔ یہ دواخانے 1500 کروڑ روپئے کی فوری اجرائی چاہتے ہیں جو چند ماہ سے بقایہ ہے اور حکومت پہلی قسط کے طور پر 500 کروڑ روپئے جاری کرنے تیار ہے ۔ وزیر صحت ای راجندر نے آج نیٹ ورک ہاسپٹلس اور ان کے منیجمنٹس کے مندوبین کے ساتھ یہاں واقع آروگیہ شری ٹرسٹ میں اہم اجلاس منعقد کیا ۔ راجندر نے دواخانہ سے کہا کہ اسکیم کے تحت سرویس جاری رکھیں اور عام آدمی کیلئے خدمات کو یقینی بنائیں ۔ مندوبین نے ریاستی وزیر سے اپیل کی کہ 2007 میں طئے شدہ آروگیہ شری اسکیم یادداشت مفاہمت پر نظر ثانی کرتے ہوئے موجودہ ضرورتوں کی تکمیل کی جائے اور بلز کو گرین چیانل میں شامل کیا جائے ۔
مانو میں انٹرنیشنل پرشین سمر اسکول
حیدرآباد /16 اگست ( آئی این این ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ( مانو ) جرمنی کی گوٹنجن یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک میں پہلے انٹرنیشنل پرشین سمر اسکول کا 19تا 31 اگست اہتمام کر رہی ہے ۔ پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی ، صدر شعبہ فارسی کے متعلق افتتاحی تقریب صبح 10.30 بجے سید حامد لائبریری آڈیٹوریم ، مانو کیمپس میں مقرر ہے ۔ یوروپ کی مختلف یونیورسٹیوں سے وابستہ فارسی زبان کے ریسرچ اسکالرس اس سمر اسکول میں شرکت کریں گے ۔
