حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے راجیو آروگیہ شری ہیلت اسکیم کے تحت ہیلت انشورنس کور موجودہ 5 لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ روپئے فی خاندان کرنے کا کل اعلان کیا ۔ ریاستی حکومت نے 1672 پروسیجرس ( علاج ) کی موجودہ فہرست میں 163 نئے ہیلت پروسیجرس کا اضافہ کیا ہے ۔ جس کے ساتھ جملہ تعداد 1835 ہوگئی ہے ۔ 163 نئے پروسیجرس کے لیے حکومت پر 348 کروڑ روپئے کے اخراجات عائد ہوں گے ۔ ان میں 98 پروسیجرس آیوشمان بھارت ۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (AB-MP-JAY) کے تحت آتے ہیں جن پر 189 کروڑ کے اخراجات ہوں گے ( جس میں مرکزی حکومت کا حصہ 60 فیصد اور ریاستی حکومت کا حصہ 40 فیصد ہوگا ) اور ریاستی حکومت کے تحت 65 نئے کوڈس کے اخراجات 158 کروڑ ہوں گے ۔ اس اسکیم کے لیے ریاست میں 1042 گورنمنٹ ہاسپٹلس اور 368 خانگی ہاسپٹلس کا احاطہ کیا جائے گا ۔ ہیلت کور میں اضافہ کا یہ اعلان وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سکریٹریٹ میں ایک پریس میٹ میں کیا جہاں انہوں نے اضافی فوائد پر ایک جی او جاری کیا ۔۔