آروگیہ شری کی دھوکہ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

   

کھمم کے کیور ہاسپٹل کے خلاف مقدمہ درج، فہرست میں 436 خانگی ہاسپٹلس شامل
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) آروگیہ شری ٹرسٹ نے خانگی ہاسپٹلس کی دھوکہ دہی پر سخت کارروائی کرنے وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ جھوٹے کلیمس کرنے والے ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں آروگیہ شری ایمپیانل کی فہرست سے ہٹادینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ آروگیہ شری ٹرسٹ کی جانب سے ریاست کے خانگی ہاسپٹلس کی بے قاعدگیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ ضلع کھمم کے کیور ہاسپٹل نے آروگیہ شری کے نام سے جھوٹے اشتہارات دیئے۔ اس ہاسپٹل کے خلاف کھمم کے ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی۔ آروگیہ شری ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ فی الحال ریاست بھر میں 436 خانگی ہاسپٹلس آروگیہ شری ٹرسٹ کی فہرست میں شامل ہیں۔ فہرست میں شامل ہاسپٹلس میں ہی علاج کرانے کا ٹرسٹ نے عوام کو مشورہ دیا ہے۔ ایمپیانل میں شامل نہ رہنے والے ہاسپٹلس آروگیہ شری کے نام سے علاج کرنے پر قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے اور ساتھ ہی عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جس ہاسپٹل میں علاج کرارہے ہیں۔ وہ ہاسپٹل آروگیہ شری ٹرسٹ کی فہرست میں شامل ہے یا نہیں پہلے اس کی جانچ کرلیں جو ہاسپٹل لسٹ میں شامل ہے۔ اس میں پہلے بتاتے ہوئے علاج کرانے پر آپ کے ٹیلیفون پر ایس ایم ایس کے ذریعہ پیغام وصول ہوگا کہ آپ کا علاج آروگیہ شری میں کرایا جارہا ہے۔ اگر اس طرح کا کوئی پیغام نہ ملے تو اسے یقینی طور پر دھوکہ دہی سمجھا جانا چاہئے۔ ضلعی سطح کے آروگیہ شری کوآرڈینیٹرس اور منیجرس ہاسپٹلس کے خلاف موصول ہونے والی شکایتوں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مریض آروگیہ شری ٹرسٹ کے دفتر کو 104 نمبر پر فون کرتے ہوئے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔2