آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ تک کا علاج ہوگا

   

اخراجات کی حد میں دو لاکھ روپئے اضافہ کرنے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) حکومت نے آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی حد 2 لاکھ میں اضافہ کرکے اسے 5لاکھ روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بجٹ2022-23 میں محکمہ صحت کی سفارش کے مطابق اب آروگیہ شری اسکیم کے تحت مریضوں کے علاج کیلئے 2 لاکھ کا اضافہ کرکے اسے 5لاکھ روپئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔متحدہ آندھراپردیش میں شروع آروگیہ شری اسکیم کے ذریعہ شہری خانگی دواخانوں میں علاج نے کے متحمل ہوچکے تھے اور حکومت کی جانب سے سینکڑوں امراض کا آروگیہ شری اسکیم کے ذریعہ علاج کیا جا رہا ہے اور اب آروگیہ شری کے تحت علاج کی سہولت کو5لاکھ تک بڑھانے پر شہریوں نے خیر مقدم کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ شہریوں کیلئے آروگیہ شری کارڈس کی اجرائی کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ کئی راشن کارڈ منسوخ کئے جانے کے سبب آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کے بھی وہ اہل نہیں رہے ۔ حکومت نے بجٹ میں آروگیہ شری کے تحت علاج کی حد کو 5لاکھ کرنے کے علاوہ جگر‘ گردے‘ قلب کی پیوند کاری کیلئے 10لاکھ روپئے تک کی امداد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بون میرو کیلئے 10لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کیلئے بھاری بجٹ کی فراہمی اور آروگیہ شری کے ذریعہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات پر مختلف گوشوں سے خوشی کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی رقم کی حد میں اضافہ غریب شہریوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔