آرچرفاسٹ بولروں میں ایک بہترین اضافہ :وقار

   

کراچی ۔23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو فاسٹ بولنگ کی دنیا میں ایک شاندار اضافہ قرار دیا ہے۔ وقار یونس نے انگلینڈ کے جوفرا آرچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسان دوڑ کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور انہوں نے چیزوں کو اپنے لیے مشکل نہیں بنایا ہوا ہے۔وقار یونس نے کہا کہ آرچر ورلڈ کپ سے قبل ہی نظروں میں تھے میرے خیال میں جوفرا آرچر عمدہ ایتھلیٹ اور دیکھنے میں اچھے لگنے والے بولرہیں جو توقع کے مطابق بولنگ کر رہے ہیں۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ خوش قسمت ہے کہ انہیں مستقبل کا بولر ملا ہے، آرچر روایتی طور پر ویسٹ انڈیز بولروں کی طرح انتہائی خطرناک بولنگ کرنے کے عادی ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ جوفرا آرچر وسیم اکرم اور مجھ سے مختلف بولر ہے، ہمارا اندازکچھ اور ہوتا تھا جبکہ جوفرا آرچر تیزگیند اور باونسر سے حملہ ور ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان دنوں کرکٹ کی دنیا میں انگلش بولر جوفرا آرچر کی تیزگیندوں نے دھوم مچا رکھی ہے۔