آرچر بیٹسمینوں کیلئے خوف کی علامت بننے لگے

   

لندن ۔26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) میلکم مارشل، جوئل گارنر او امبروز کے بعد حریف بیٹسمین کو اپنی تیز رفتارگیندوں سے خوف زدہ کرکے اْنہیں آوٹ کرنے والے انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کرکٹ کی دنیا کے لیے خوف کی علامت بن گئے ہیں ۔بارباڈوس سے تعلق رکھنے والے جوفرا آرچر نے 2014 میں ویسٹ انڈیز انڈر19 ٹیم کی نمائندگی کی لیکن انگلینڈ کی جانب سے کھیلنے کی خواہش اْنہیں 2015 میں انگلش سرزمین لے آئی۔ قوانین کی وجہ سے جوفرا آرچر 2022 تک انگلینڈ کیلئے کھیلنے کے اہل نہ تھے۔ اس دوران اْنہوں نے کاونٹی کرکٹ اور پاکستان سوْپر لیگ بھی کھیلی، اْن کی تیز رفتار بولنگ، لائن اور لینتھ اور سوئنگ گیندوں سے حریف بیٹسمینوں کو بے بس اور خوف زدہ کرنے کی صلاحیتوں سے سب بہت متاثر ہوئے۔2018 میں قوانین کی تبدیلی کے سبب جوفرا آرچر انگلش ٹیم کے لیے کھیلنے کے اہل قرار پائے۔سابق انگلش آل راونڈر اینڈریو فلنٹوف نے کہا کہ وہ جوفرا آرچر کو کھلانے کے لیے کسی کو بھی خارج کرسکتے ہیں۔آرچر کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور آئرلینڈ کے خلاف واحد میچ کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا، وہ تین مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ونڈے اور پانچ مئی کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا آغاز کرنے میں کامیاب ہوئے اور بعد میں ورلڈ کپ کیلئے انگلش ٹیم کا حصہ بنے۔آرچر نے ورلڈ کپ میں تمام میچز کھیلے اور پھر شائقین کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل تو یاد ہی ہے جو ٹائی ہونے کے بعد سوپر اوور میں چلا گیا تھا۔انگلینڈ کی جانب سے سوپر اوور جوفرا آرچر نے کیا تھا ، اْن کی عمدہ بولنگ کی بدولت انگلش ٹیم خطاب جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں وہ ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کیے گئے ، سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اْن کو موقع ملا، اپنی پہلی ٹسٹ وکٹ اْنہوں نے بین کرافٹ کو آوٹ کرکے حاصل کی۔ آرچر نے کرکٹ کی دْنیا کی توجہ پوری طرح اْس وقت حاصل کی جب اْسی اننگز میں انہوں نے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو اپنی تیز رفتار باونسر سے چاروں شانے چت کردیا اور اسمتھ کو میدان چھوڑنا پڑا تھا۔اس اننگز میں جوفرا آرچر نے کپتان ٹم پین کو بھی پویلین بھیجا جبکہ برق رفتار بولنگ کرکے حریف ٹیم کے بیٹسمینوں کو خاصا پریشان کیا جبکہ دوسری اننگز میں وہ تین کھلاڑی آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔لیڈز ٹسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی بیٹسمینوں پر اْن کی بولنگ کا ایسا خوف طاری ہوا کہ وہ آرچرکو 6 وکٹیں تھما بیٹھے، دوسری اننگز میں آرچرکو2 وکٹیں ملیں۔ واضح رہے کہ جوفرا آرچر کی صلاحیتوں کو کئی سابق اور موجودہ کھلاڑی بھی تعریف کرتے ہوئے اْنہیں مستقبل کا سوپر اسٹار بولر قرار دے رہے ہیں۔