لندن، 30 دسمبر (آئی اے این ایس) فاسٹ بولرجوفرا آرچرکو زخمی ہونیکے باعث آخری دو ایشز ٹسٹ میچز سے باہر رہنے کے باوجود ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ہیری بروک کی قیادت میں آئندہ ٹی 20 عالمی مقابلے اور سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے عبوری اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ سری لنکا میں تین ونڈے انٹرنیشنل اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزکھیلے گا۔ یہ مقابلے 7 فروری سے ہندوستان اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوں گے۔ جوفرا آرچر، جو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ایشز ٹسٹ کے دوران زخموں کا شکار ہوئے تھے، اس وقت بھی بحالی کے مرحلے میں ہیں، تاہم وہ سری لنکا کے دورے کا حصہ نہیں ہوں گے۔ دریں اثناء فاسٹ بولر جوش ٹنگ جنہوں نے اب تک انگلینڈ کے لیے کوئی وائٹ بال بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا، کو ایشز میں شاندار کارکردگی پر ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ہیری بروک آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی قیادت کریں گے۔ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں ٹام بینٹن، جوس بٹلر، جیکب بیتھل، سیم کرن، بین ڈکٹ اور فل سالٹ شامل ہیں۔ ای سی بی کے بیان میں کہا گیا انگلینڈ مینز سلیکشن پینل نے اگلے ماہ سری لنکا کے وائٹ بال دورے کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، جس میں تین ونڈے انٹرنیشنل، تین آئی ٹی20 میچز اور فروری و مارچ میں ہندوستان اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے عبوری اسکواڈ شامل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ناٹنگھم شائرکے فاسٹ بولر جوش ٹنگ کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ دورے پر جانے والا اسکواڈ 18 جنوری 2026 کو روانہ ہوگا۔ سری لنکا میں ونڈے سیریز 22، 24 اور27 جنوری کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچز30 جنوری، یکم فروری اور 3 فروری کو کینڈی کے پالی کیلے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری کو ہندوستان اور سری لنکا کے مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل میچ 8 مارچ کو منعقد ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ اسکواڈ: ہیری بروک، ریحان احمد، جوفرا آرچر (صرف ورلڈ کپ)، ٹام بینٹن، جیکب بیتھل، جوس بٹلر، برائیڈن کارس (صرف سری لنکا دورہ)، سیم کرن، لیام ڈاسن، بین ڈکٹ، ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید، فل سالٹ، جوش ٹنگ اور لیوک ووڈ۔
