ممبئی : آرین خان کی جیل میں قید کم از کم ایک اور رات کیلئے بڑھ گئی کیونکہ ممبئی ہائیکورٹ میں اس کی درخواست ضمانت پر آج کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا اور دلائل کی سماعت جمعرات کو سہ پہر کو بھی ہوگی۔ آرین کے وکیل مکل روہتگی نے آج عدالت میں کہا کہ اس کی گرفتاری دستور میں دی گئی ضمانت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسے تحویل میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں۔ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کا 23 سالہ فرزند آرین 20 یوم سے ممبئی کی جیل میں قید ہے۔ 2 اکٹوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ایک کروز شپ پارٹی پر دھاوا کرتے ہوئے آرین و دیگر کو گرفتار کیا تھا۔ این سی بی نے آرین کو ملزم نمبر 1 اور اس کے دوست کو ملزم نمبر 2 بتایا ہے۔
