آر آر چیارٹیبل ٹرسٹ غریبوں و مستحقین کی مدد کا ذریعہ بن گیا

   

لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں خاندانوں میں راشن کی تقسیم
l مستحق خاندانوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری l سید حمید الدین اور ارکان خاندان کا ریاکاری سے اجتناب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانے ، ننگوں کو کپڑے پہنانے ، مریضوں کی عیادت کرنے ان کی دل کھول کر مالی مدد کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ اللہ کے بندوں کی مدد کو سب سے بڑی عبادت قرار دیا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہر کسی کو ان نیکیوں کا اعزاز عطا نہیں کرتے بلکہ اس کے لیے اپنے خاص بندوں کو منتخب کرتے ہیں اور ان سے ہی نیکی کا یہ کام لیا جاتا ہے ۔ اس معاملہ میں آر آر گروپ کے صدر نشین اور آر آر چیارٹیبل ٹرسٹ کے ٹرسٹی سید حمید الدین اور ان کے ارکان خاندان کافی خوش نصیب ہیں ۔ سید حمید الدین کو اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز بخشا ہے کہ وہ برسوں سے بلا لحاظ مذہب و ملت ضرورت مندوں کی ہر لحاظ سے مدد کرتے آرہے ہیں ۔ سید سمیع الرحمن ڈائرکٹر آر آر چیارٹیبل ٹرسٹ کے مطابق جناب سید حمید الدین نے خالص اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کے لیے آر آر چیارٹیبل ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا اور کبھی بھی انہوں نے ریاکاری سے کام نہیں لیا ۔ ٹرسٹ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے سمیع الرحمن کا کہنا تھا کہ سید وقار الدین ، سید عمران الدین ، سید عرفان الدین ، سید ذیشان الدین اور وہ خود اس ٹرسٹ کے ڈائرکٹرس ہیں ۔ ٹرسٹ کی سرگرمیوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ اس ٹرسٹ کے تحت آر آر روٹی گھر بھی چلایا جاتا ہے جس کے تحت غریب و مستحق لوگوں کے لیے دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے اور عیدی بازار کمہار واڑی میں واقع ٹرسٹ کے دفتر میں یہ انتظام ہر روز ہوتا ہے ۔ آر آر ٹرسٹ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کئی ایسی باتیں بتائیں جس پر ہمیں حیرانی ہوئی ۔ واضح رہے کہ اس ٹرسٹ کے ذریعہ 1500 خاندانوں کو ماہانہ راشن فراہم کیا جاتا ہے جس میں 25 کلو گرام چاول ، گیہوں کا آٹا ، مرچ ، ہلدی ، پیاز تیل ، جیسے جملہ 14 ایٹمس ہوتے ہیں یہ راشن ایک ماہ تک ایک گھر کے دس افراد کے لیے کافی ہوجاتا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ پچھلے دو برسوں سے یہ خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ سید حمید الدین کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ بے شمار لوگوں کی مدد کرتے ہیں لیکن خود کو ریاکاری سے دور رکھتے ہیں ان کی طبیعت میں عجز و انکساری پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے پھوٹ پڑنے اور لاک ڈاؤن کے بعد آر آر ٹرسٹ نے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے پریشان حال خاندانوں میں بڑے پیمانے پر راشن کٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا اور تاحال پرانا شہر ، نئے شہر ، مضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ سنگاریڈی میں ہزاروں خاندانوں میں ان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ ان کٹس کی تیاری اور انہیں مستحقین تک پہنچانے میں 300 لوگ دن رات مصروف ہیں ۔ 25 گاڑیاں اس کام کے لیے استعمال کی جارہی ہیں ۔ لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی آر آر چیارٹیبل ٹرسٹ نے شہر میں پھنسے ہوئے نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کی مدد کا آغاز کیا ۔ بہر حال آر آر گروپ کے صدر نشین سید حمید الدین اور ان کے ارکان خاندان اللہ کے فضل و کرم اور حضور اکرم ﷺ کے صدقہ میں برسوں سے نیکیاں لوٹ رہے ہیں اور ماہ رمضان المبارک میں تو ان لوگوں نے اپنی انسانیت نواز سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔۔