آر ایس ایس امن کیلئے زبانی نہیں ، عملی کام کرے: پاپولر فرنٹ

   

نئی دہلی ۔ 7 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاپولر فرنٹ نے آر ایس ایس سے کہا ہے کہ امن اور ہم آہنگی کے تئیں اپنے عہد کو ثابت کرنے کے لئے اسے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ مسلمانوں کے گروپ کے ساتھ اپنی حالیہ میٹنگ میں آر ایس ایس قائدین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے جتن کریں گے ۔ یہ میٹنگ بتایا جاتا ہے کہ وزارت اقلیتی امور کی پہل پر منعقد ہوئی۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ایم محمد علی جناح نے بیان کیا ہے کہ آر ایس ایس جب تک اپنے بنیادی نظریاتی افکار سے دستبردار نہیں ہوتا اور اپنی تاریخی غلطیوں کیلئے معذرت خواہی نہیں کرتا، تب تک مذہبی اقلیتوں کا اعتماد جیتنا اس کیلئے ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آر ایس ایس کو یہ اخلاقی حق نہیں ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تعلق سے یاد دہانی کرائے اور عدلیہ کے احترام کا مشورہ دے کیونکہ ہماری کمیونٹی کی ایسی کوئی تاریخ نہیں کہ اس نے قومی مفاد کے خلاف کوئی کام کیا ہے۔