آر ایس ایس انتہائی سیکولر اور شمولیاتی تنظیم

   

ہر فرد کو اپنے عقائد پر عمل کے حق کا بھرپور احترام : گورنر مہاراشٹرا
ناگپور۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج کہا کہ آر ایس ایس ایک انتہائی سیکولر اور شمولیاتی تنظیم ہے کیونکہ وہ ہر فرد کو اپنے عقیدہ پر عمل کرنے کے حق کا بھرپور احترام کرتی ہے۔ رام ٹیک کے کوی کولا گروہ کالیداس سنسکرت وشوا ودیالیہ میں ایک کامپلیکس کو آر ایس ایس کے سرسنچالک گولوالکر گروجی سے موسوم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ سنگھ (آر ایس ایس)کا سفر انتہائی دشوار گذار ہے لیکن مثالی رہا ہے۔ ایم ایس گولوالکر جو گروجی کے نام سے معروف تھے، آر ایس ایس کے دوسرے سرسنچالک تھے۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں سی ایچ ودیا ساگر راؤ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’آر ایس ایس کے بانی) ڈاکٹر کے بی ہیڈگیوار کی طرف سے سنگھ کی شکل میں لگایا گیا چھوٹا سا پودا اب ایک گھنا درخت بن چکا ہے جس کی شاخیں ساری دنیا میں پھیل چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ (آر ایس ایس) کا سفر دشوار گذار اور مثالی بھی ہے۔ مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد سنگھ کو سب سے بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا تھا جب 4 فروری 1948ء کو اس پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔