نفرت کے خلاف تمام سیکولر طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے قومی سابق جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے سنٹرل الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور ملک کی 12 ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے اعلان کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف جنگ میں تمام سیکولر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجانے کا مشورہ دیا۔ سندریا ویگنیانا کیندرم میں سی پی ایم کے تربیتی کیمپ میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی کی جانب سے سیکولرازم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اپنے ذاتی مفادات کے لئے ملک میں نفرت کو فروغ دیا جارہا ہے جس کے خلاف سی پی ایم ملک بھر میں مہم چلا رہی ہے اور ساتھ ہی تمام سیکولر طاقتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کے خلاف عوام میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں کے خلاف متحد ہونے کا وقت آگیا ہے ۔ یہ طاقتیں ملک کے دستور اور سیکولرازم کیلئے نقصاندہ ثابت ہورہی ہیں۔ ملک کی تحقیقاتی ایجنسیاں اور سنٹرل الیکشن کمیشن مرکزی حکومت کے اشاروں پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کی 12 ریاستوں میں ووٹر لسٹوں پر نظرثانی (ایس آئی آر) کی سخت مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ دو ماہ قبل ہی بہار میں ایس آئی آر کا انعقاد کیا گیا۔ زندہ رہنے والے رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ سے نکال دیئے گئے۔ اس معاملہ میں سپریم کورٹ نے بھی مداخلت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے عمل پر اعتراض کیا ہے ۔ ایس آئی آر کے خلاف داخل کردہ درخواست کو سپریم کورٹ نے مسترد نہیں کیا ہے ، صرف عبوری حکمنامہ جاری کیا ہے ۔ ابھی قطعی فیصلہ آنا باقی ہے ۔ سپریم کورٹ کے قطعی فیصلہ کا انتظار کئے بغیر سنٹرل الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے کام میں تیزی پیدا کردی ہے، جس کی سی پی ایم سخت مخالفت کرتی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ہندوتوا ایجنڈہ پر عمل کر رہی ہیں۔ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں اقلیتوں پر حملے کئے جارہے ہیں ، اس کے خلاف عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ 2