نئی دہلی ۔27؍؛سمبر ( ایجنسیز )سینئر کانگریس لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن دگ وجے سنگھ نے ایک غیر متوقع بیان دے کر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کی 1990 کی دہائی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس کی تنظیمی طاقت کی تعریف کی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران دگ وجے سنگھ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کانگریس پارٹی حد سے زیادہ مرکزی کنٹرول کا شکار ہے اور اسے جڑوں تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔ڈگ وجئے سنگھ کے بیان پر بی جے پی قائدین نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے واضح کر دیا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس تنظیم مکمل طور پر بکھر چکی ہے۔ دگ وجے سنگھ سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے صرف تنظیمی نظام کی تعریف کی ہے۔ میں ہمیشہ آر ایس ایس اور وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کا مخالف رہا ہوں اور آج بھی ہوں۔اپنی پوسٹ میں دگ وجے سنگھ نے لکھا کہ تصویر متاثر کن ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ جو کارکن کبھی اپنے سینئر رہنماؤں کے قدموں میں بیٹھتے تھے وہی محنت کے ذریعے ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے اس پوسٹ میں کانگریس کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز، پارٹی صدر ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو بھی ٹیگ کیا جسے پارٹی قیادت کیلئے ایک واضح پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
