آر ایس ایس سربراہ بھاگوت کا اگلے ماہ دورۂ جموں

   

جموں : آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اگلے ماہ کے پہلے ہفتے کے دوران جموں کا دورہ کریں گے ۔سنگھ کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق موہن بھاگوت ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جموں کا تین روزہ دورہ کرنے والے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں آنے والے دنوں میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور یہ دورہ یکم اکتوبر سے تین اکتوبر تک ہوگا۔ مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ پانچ اگست 2019 میں جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے خاتمے اور اس کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ جموں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ موہن بھاگوت دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد آر ایس ایس کے موقف کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ سنگھ کی تنظیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر وہ تین اکتوبر کو صبح کے ساڑھے دس بجے زوم ایپ کے ذریعے سوئم سیوک کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔