آر ایس ایس سے تعلق کے مسئلہ پر ریونت ریڈی بھاگیہ لکشمی مندر میں قسم کھانے کیلئے تیار

   

بی جے پی کی مدد کیلئے اکبر الدین اویسی کو قسم کھانے کا چیلنج، 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کا یقین
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں اندراماں راج قائم ہوگا اور لال بہادر اسٹیڈیم میں کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے پہلی دستخط کی جائے گی۔ گاندھی بھون میں آج پرگی، ایل بی نگر اور ریاست کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین نے اپنے حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ پورا کرنے والی سونیا گاندھی 6 ضمانتوں کی تکمیل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو ریاست میں کانگریس حکومت برسراقتدار آئے گی اور چیف منسٹر کی پہلی دستخط 6 ضمانتوں سے متعلق ہوگی۔ سابق وزیر کے رام ریڈی کے فرزند و سابق ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے چیرمین کے سرینواس ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تانڈور سے تعلق رکھنے والے سابق میونسپل چیرپرسن سنیتا سمپت اور دیگر عوامی نمائندوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایل بی نگر اور ماناکنڈور اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے مجالس مقامی کے نمائندوں نے بھی کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ دونوں کانگریس قیادت پر بے بنیاد الزام تراشی کررہے ہیں۔ وہ دراصل کانگریس کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کا تلنگانہ تحریک سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ ہریش راؤ نے ہمیشہ اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کی اور عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 45 دنوں میں تلنگانہ میں کانگریس کارکنوں کے اچھے دن شروع ہوں گے۔ ریونت ریڈی نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں پر بی آر ایس کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کی برطرفی کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ سائبرآباد کمشنر اسٹیفن رویندرا اور پربھاکر راؤ کانگریس کے حامیوں کے فون پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کانگریس قائدین کی سوشیل میڈیا میں پوسٹنگ پر نگاہ رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے حامیوں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے والے پولیس عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے کانگریس کی مدد کرنے والے 75 افراد کی فہرست تیار کرتے ہوئے مرکزی وزیر پیوش گوئل کے حوالے کی ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پولیس عہدیداروں کے تبادلوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اکبر الدین اویسی دراصل نریندر مودی، کشن ریڈی اور راجہ سنگھ کی طرح بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکبر الدین اویسی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے وہ بھاگیہ لکشمی مندر پہنچ کر قسم کھانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اکبر اویسی بھی اسی طرح قسم کھانے کے چیلنج کو قبول کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آر ایس ایس سے روابط کے الزامات پر وہ مندر میں قسم کھانے کیلئے تیار ہیں اور بی جے پی کی مدد کرنے کے مسئلہ پر اکبر اویسی کو قسم کھانی چاہیئے۔