سنگھ کی نظر میں تمام مذاہب اور فرقے ایک ہیں، ہندوستان میں سب ہندو ، دتاتریہ ہوسابلے کا لکچر
جئے پور : آر ایس ایس کے رہنما دتاتریہ ہوسابلے نے جمعرات کو جئے پور کے برلا آڈیٹوریم میں دین دیال میموریل لکچر میں کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے سبھی ہندو ہیں ، کیونکہ ان کے آباواجداد ہندو تھے ۔ ان کی عبادت کا طریقہ مختلف ہوسکتا ہے لیکن ان سب کا ڈی این اے ایک ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 600 سے زیادہ قبائل کہتے تھے کہ ہم مختلف ہیں ۔ہم ہندو نہیں ہیں ، انہیں مشتعل کرنے کا کام مخالف ہندوستان قوتوں نے کیا تھا ۔ اس پر کولوالکر جی نے کہا کہ وہ ہندو ہیں ۔ ان کیلئے دروازے بند نہیں ہیں جیسا کہ ہم وسودھائیو کمبکم کے تصور پر کام کررہے ہیں ۔ اگر کسی نے مجبوری میں گائے کا گوشت کھایا اور کہیں چلاگیا تو آج بھی وہ وطن واپس آسکتا ہے ۔ ہوسابلے نے کہا کہ ہندوستان ایک ہندو قوم ہے کیونکہ اس ملک کو بنانے والے ہندو ہیں ، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ وید پران میں ہندو نہیں ہیں لیکن وید پران میں کچھ بھی نہیں ہے کہ انہیں قبول نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سچائی اور مفید باتو ں کو قبول کرنا چاہیئے ۔ ڈاکٹر ہیڈگیوار اس تشریح میں نہیں پڑے کہ ہندو کون ہیں جو لوگ بھارت بھومی کو پتربھوم سمجھتے ہیں وہ ہندو ہیں جن کے آباو اجداد ہندو ہیں ، وہ لوگ ہندو ہیں جو خود کو ہندو سمجھتا ہے وہ ہندو ہے ، جن کو ہم ہندو کہتے ہیں وہ ہندو ہیں ۔ وسابلے نے کہا کہ سنگھ تمام مذاہب اور فرقوں کو ایک مانتاہے ۔ سنگھ نہ دایاں بازو ہے نہ بایاں بازو بلکہ سنگھ ہندوستان کے تمام مذاہب اور فرقوں کو ایک مانتا ہے ۔ ایسی صورتحال میں سب کی اجتماعی کوششوں سے ہی ہندوستان و شوگرو بن کر دنیا کی قیادت کرے گا ۔ سنگھ نے ہر درد کو برداشت کیا ہے ۔ سنگھ انفرادی تعمیر اور سماج کی تعمیر کا کام کرتا رہے گا ۔ سماج کے لوگو ں کو جوڑ کر سماج کیلئے کام کریں گے ۔ آج سنگھ کے ایک لاکھ خدمتی کام چل رہے ہیں ۔ سنگھ ایک طرز زندگی ہے اور سنگھ آج ایک تحریک بن چکا ہے ۔ ہندو توا کی مسلسل ترقی کی ایجاد کا نام آر ایس ایس ہے ۔ملک میں سنگھ کے سینکڑوں لوگ مارے گئے لیکن کارکنان خوفزدہ نہیں ہیں ۔ سنگھ صرف قوم کے مفاد میں کام کرنے والا ہے اور ہم قوم پرست ہیں ۔